اسرائیلی جنگی طیاروں کی شام پر بمباری میں 4 افراد ہلاک

ویب ڈیسک  جمعـء 22 جنوری 2021
حملے میں عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں اور اسلحہ ڈپوز کو نشانہ بنایا گیا، فوٹو: فائل

حملے میں عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں اور اسلحہ ڈپوز کو نشانہ بنایا گیا، فوٹو: فائل

دمشق: اسرائیل کے جنگی طیاروں نے لبنان کی سرحد سے نچلی پرواز کرتے ہوئے شام کے وسطی علاقے پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔  

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق شام کے وسطی علاقے میں اسرائیل کے جنگی طیاروں نے میزائل برسائے جسے شامی فضائی دفاعی نظام نے فضا میں ہی ناکارہ بنا دیا تاہم کچھ میزائل رہائشی علاقے میں گرے۔

رہائشی علاقے میں میزائل گرنے کے باعث 4 افراد ہلاک اور 10 سے زائد زخمی ہوگئے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں 2 زخمیوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حملہ عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر کیئے جس میں اسلحہ ڈپوز کوبھی تباہ کیا گیا۔

سیریئن آبزرویٹری نے اسرائیلی طیاروں کی رہائشی علاقے میں حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملے میں ہلاک ہونے والے عسکریت پسند نہیں بلکہ عام شہری تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔