اداکارشان بھی قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے مداح

یوسف انجم  ہفتہ 23 جنوری 2021
جنوبی افریقا کے خلاف سیریز میں بابر اعظم بہترین پرفارمنس دے گا، شان: فوٹو: فائل

جنوبی افریقا کے خلاف سیریز میں بابر اعظم بہترین پرفارمنس دے گا، شان: فوٹو: فائل

 لاہور: اداکار شان بھی قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے مداح نکلے۔

اداکار شان کا کہنا یے کہ پاکستان ٹیم میں اس وقت بابر اعظم جیسا اسٹار ہے جو کسی بھی ٹیم کے خلاف شاندار بیٹنگ کرنے کی اہلیت رکھتا ہے۔ اداکار شان جو خوبھی بہت اچھے کرکٹر ہیں نے بتایا کہ وہ بابر اعظم کے ساتھ میچز بھی کھیل چکے ہیں۔بابر اعظم بہت زبردست کھلاڑی ہے اور اس کو کھیلتے ہوئے دیکھنا بہت اچھا لگتا ہے۔

اداکار نے کہا کہ یقین ہے کہ جنوبی افریقا کے خلاف سیریز میں بابر اعظم بہترین پرفارمنس دے گا۔ مہمان ٹیم کا پاکستان آنا بہت خوش آئند ہے،اس ٹیم کے آنے کے بعد دوسری ٹیموں کو بھی اب انکار کی گنجائش نہیں رہے گی۔ شان کے مطابق پاکستانی ٹیم کا مورال نیوزی لینڈ سے ہارنے کے بعد ڈاؤن ضرور ہوا ہے لیکن ہوم سیریز میں بہتر پرفارم کرسکتی ہے۔

شان نے کہا کہ ٹیم میں نوجوان کھلاڑی موجود ہیں، ان کو ہم جتنا سپورٹ کریں گے اتنا ہی یہ اچھی کارکردگی دکھانے کے قابل ہوں گے۔ فلم انڈسٹری کے بڑے نام شان نے بتایا کہ وہ پی ایس ایل میچز کا بھی بے تابی سے انتظار کررہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔