كوئٹہ سمیت شمالی بلوچستان پھر شدید سردی كی لپیٹ میں، درجہ حرارت منفی 6 تک گر گیا

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 23 جنوری 2021
سردی کی نئی لہر 3 روز تک جاری رہے گی ،محکمہ موسمیات . فوٹو : فائل

سردی کی نئی لہر 3 روز تک جاری رہے گی ،محکمہ موسمیات . فوٹو : فائل

كوئٹہ سمیت شمالی بلوچستان ایک بار پھر شدید سردی كی لپیٹ میں ہیں اور درجہ حرارت منفی 6 تک گر گیا جس سے شہری گھروں تک محدود ہوگئے۔

كوئٹہ سمیت شمالی بلوچستان ایک بار پھر سے شدید سردی كی لپیٹ میں آگیا، شہر اور گرد و نواح میں سردی كی شدت میں اضافے سے گیس پریشر بھی غائب ہوگیا جس سے شہر كے گنجان آبادی والے علاقوں میں مكینوں كی زندگی مفلوج ہوگئی، یخ بستہ ہواؤں نے شہریوں كو گھروں تک محدود كردیا، صبح سویرے شہر كی مختلف سڑكوں  پر كھڑا پانی بھی جم گیا۔

درجہ حرارت منفی6 تک گرنے سے كوئٹہ كے مكین لكڑیاں جلانے پر مجبور ہوگئے جب كہ گھریلوصارفین كو بھی پریشانی كا سامنا كرنا پڑ رہا ہے۔ عوامی حلقوں نے سوئی گیس كمپنی كے حكام سے مطالبہ كرتے ہوئے كہا ہے كہ سرد موسم میں  گیس كی بحالی كے لئے مؤثر اقدامات كئے جائیں۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ سردی کی نئی لہر 3 روز تک جاری رہے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔