پاکستان مخالف نعرے و اشتعال انگیز تقریر؛ گواہ پولیس انسپکٹر نے 7 ملزمان کو شناخت کرلیا

کورٹ رپورٹر  ہفتہ 23 جنوری 2021
متحدہ رہنما بھی موجود، گواہ نے وسیم سلیم،الطاف حسین،فرحان،حسن رضا،انتخاب حیدر،ذوالفقار آصف صدیقی کو شناخت کیا (فوٹو : فائل)

متحدہ رہنما بھی موجود، گواہ نے وسیم سلیم،الطاف حسین،فرحان،حسن رضا،انتخاب حیدر،ذوالفقار آصف صدیقی کو شناخت کیا (فوٹو : فائل)

 کراچی: پاکستان مخالف نعروں، اشتعال انگیز تقریر اور دہشت گری کے 2 مقدمات میں شناخت پریڈ کے دوران اہم گواہ پولیس انسپکٹر نے 7 ملزمان کو شناخت کرلیا۔

کراچی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے روبرو پاکستان مخالف نعروں، اشتعال انگیز تقریر اور دہشت گری کے 2 مقدمات کی سماعت ہوئی جس میں ایم کیو ایم پاکستان کے عامر خان، ڈاکٹر فاروق ستار اور شاہد پاشا سمیت دیگر پیش ہوئے۔

مقدمہ کے اہم گواہ انسپکٹر شبیر حیدر نے 7 ملزمان کو شناخت کرلیا۔ ملزمان میں وسیم سلیم، الطاف حسین، فرحان، حسن رضا، انتخاب حیدر، ذوالفقار اور آصف صدیقی شامل ہیں۔ مقدمہ میں ملزمان کی شناخت پریڈ کمرہ عدالت کے باہر احاطہ میں کی گئی۔ شناخت پریڈ کے دوران فاضل جج بھی باہر موجود تھیں۔

گواہ نے بیان میں کہا کہ 22 اگست 2016ء کو ایم کیو ایم بانی کی ایماء پر اشتعال انگیز تقریر کی گئی، تقریر کے بعد ملزمان نے صدر اور آرٹلری میدان میں ہنگامہ آرائی کی، اس سے قبل بھی ملزمان کو جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو شناخت کرچکا ہوں۔

عدالت نے کہا کہ آئندہ سماعت پر ملزمان کے وکلا گواہ کے بیان پر جرح جاری رکھیں گے بعدازاں عدالت نے سماعت 13 فروری تک ملتوی کردی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔