پاور ٹیرف میں اضافے سے ایکسپورٹ متاثر ہونے کا خدشہ

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 23 جنوری 2021
ایکسپورٹرز نے بڑی تعداد میں غیر ملکی سودے کررکھے ہیں جو متاثر ہونگے،کیپٹو پلانٹ کی گیس بند ہوئی تو عدالت جائیں گے (فوٹو : فائل)

ایکسپورٹرز نے بڑی تعداد میں غیر ملکی سودے کررکھے ہیں جو متاثر ہونگے،کیپٹو پلانٹ کی گیس بند ہوئی تو عدالت جائیں گے (فوٹو : فائل)

 کراچی: صنعتی و برآمدی شعبوں نے پاور ٹیرف میں 15 فیصد اضافے اور کیپٹیو پاور پلانٹس کی بندش کو بے وقت اور غیر دانش مندانہ فیصلہ قرار دیتے ہوئے اسے فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کردیا۔

بزنس مین گروپ کے چئیرمین زبیرموتی والا، کراچی چیمبر آف کامرس کے صدر شارق وہرہ اور پاکستان اپیرل فورم کے چئیرمین جاوید بلوانی نے کہاہے کہ برآمد کنندگان نے بڑی تعداد میں غیر ملکی خریداروں کے ساتھ سودے طے کیے ہوئے ہیں جو پاور ٹیرف میں اضافے سے متاثر ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر کیپٹیو پاور پلانٹس کی گیس یک طرفہ طور پر بند کی گئی تو صنعت کار اپنے قانونی حق کا استعمال محفوظ رکھتے ہیں کہ وہ آئین کے آرٹیکل 199 کے ذریعے اپنے جائز اور قانونی حق کا استعمال کرتے ہوئے کاروبارکی حفاظت کے لیے عدالت سے رجوع کریں۔

یہ پڑھیں : حکومت نے بجلی مہنگی کرنے کی درخواست نیپرا کو بھجوادی

انہوں نے کہا کہ گیس کی فراہمی معطل کرنے اور بجلی کے نرخوں میں اضافے کے فیصلے سے عام صنعتوں کی کارکردگی بری طرح متاثر ہوگی جو برآمدی صنعتوں کی سپلائی چین کا ایک اہم حصہ ہیں لہٰذا عام صنعتیں ایک طرح سے برآمدی سرگرمیوں میں حصہ لیتی ہیں اس کے نتیجے میں ہول سیل اور ریٹیل تجارت کے کاروبار پر انتہائی تباہ کن اثرات مرتب ہوں گے جو بالآخر مجموعی طور پر انتشار اور غیر یقینی کی صورتحال پیدا کرے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔