وفاقی کابینہ کا اجلاس منگل کو طلب، 17 نکاتی ایجنڈا پر غور کیا جائے گا

ویب ڈیسک  اتوار 24 جنوری 2021
کورونا ویکسین کی ریٹیل قیمت کے تعین سمیت ورکرز ویلفیئر فنڈ اور نیاپاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی میں معاہدےکی منظوری دی جائیگی (فوٹو: فائل)

کورونا ویکسین کی ریٹیل قیمت کے تعین سمیت ورکرز ویلفیئر فنڈ اور نیاپاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی میں معاہدےکی منظوری دی جائیگی (فوٹو: فائل)

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس منگل کو طلب کرلیا۔ وفاقی کابینہ 17 نکاتی ایجنڈا پر غور کرے گی۔ وفاقی کابینہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں کابینہ کمیٹیوں کی تشکیل نو کی منظوری دے گی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے غیر منتخب کابینہ ارکان کی موجودگی میں کابینہ کمیٹیوں کی تشکیل کالعدم قرار دی تھی۔ وفاقی کابینہ ایف نائن پارک کی اراضی کے بدلے سکوک بانڈز جاری کرنے کی منظوری دے گی۔ وفاقی کابینہ رواں مالی سال کے لیے نادرا اکاؤنٹس کے آڈٹ کے معاملے پر غور کرے گی۔

کورونا ویکسین کی ریٹیل قیمت کے تعین کا معاملہ کابینہ ایجنڈا میں شامل کرلیا گیا ہے۔ وفاقی کابینہ ماڈل ٹاون لاہور میں متنازع اراضی کی فروخت کے لیے این او سی جاری کرنے کی منظوری دے گی۔ وفاقی کابینہ ورکرز ویلفیئر فنڈ اور نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کے درمیان مفاہتمی یادداشت کی منظوری دے گی۔

وفاقی کابینہ کو ادارہ جاتی اصلاحات پر بریفنگ دی جائے گی۔ نیشنل ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ فنڈ کے ادارہ جاتی ڈھانچے کی تشکیل نو کا معاملہ کابینہ ایجنڈا میں شامل کرلیا گیا ہے۔

وفاقی کابینہ پرنٹنگ کارپوریشن، سیکیورٹی پیپرز لمیٹڈ اور نفٹ کے ملازمین کے لیے لازمی سروس ایکٹ میں توسیع کی منظوری دے گی۔ کابینہ کمیٹی برائے ادارہ جاتی اصلاحات کے گزشتہ دو اجلاسوں کے فیصلوں کی توثیق متوقع ہے۔ اجلاس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی اور کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے اجلاسوں کے فیصلوں کی توثیق بھی کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔