ایک اور گرجتی توپ کوخاموش کرانے کی کوشش

اسپورٹس رپورٹر  اتوار 24 جنوری 2021
سخت ناقدین میں شمارہونے والے انضمام پی سی بی ڈیجیٹل پر تجزیے کرینگے۔ فوٹو: فائل

سخت ناقدین میں شمارہونے والے انضمام پی سی بی ڈیجیٹل پر تجزیے کرینگے۔ فوٹو: فائل

لاہور: پی سی بی نے ایک اورگرجتی توپ کوخاموش کرانے کی کوشش شروع کر دی جب کہ سخت ناقدین میں شمار ہونے والے انضمام الحق اب ڈیجیٹل پر تجزیے کرتے نظر آئیں گے۔

سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق کا شمار پاکستان کرکٹ پر کھل کر اپنے خیالات کا اظہار کرنے والوں میں ہوتا ہے،وہ اپنے یو ٹیوب چینل پر بھی غلطیوں کی نشاندہی کرتے رہے ہیں لیکن اب یہ گرجتی توپ خاموش ہونے جا رہی ہے۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین سیریز میں انضمام الحق بطور مہمان خصوصی پی سی بی ڈیجیٹل پر میچز پر اپنا جائزہ اور تجزیہ پیش کریں گے، بورڈ نے میچز کی وسیع ڈیجیٹل کوریج کی منصوبہ بندی کررکھی ہے، سابق کپتان کو بھی اس پلان کا حصہ بنالیا گیا، سیریز سے متعلق انضمام الحق کا پریویو 24 جنوری اور میچ کا ریویو کراچی ٹیسٹ ختم ہونے کے اگلے روز جاری کیا جائے گا۔

شائقین کی سہولت کے لیے تمام میچز کی بال ٹو بال کوریج پی سی بی کی آفیشل ویب سائٹ پردستیاب ہوگی،وہاں پریویز، ریویوز اور دیگر معلومات بھی موجود ہوں گی۔

انضمام الحق کا کہنا ہے کہ 2007 کے بعد دونوں ٹیمو ں کے درمیان پاکستان میں کھیلی جانے والی پہلی سیریز کا حصہ بننے پر بہت خوش ہوں، بلاشبہ مقابلے کانٹے دار ہوں گے، میں اپنے تجزیوں سے شائقین کو لطف اندوزکروں گا۔

انھوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ سے سیریز میں حالیہ شکست کے باوجود پاکستانی ٹیم ہوم کنڈیشنز پر ایک سخت حریف ثابت ہو گی،یقین ہے کہ کھلاڑی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

یاد رہے کہ انضمام الحق ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستانی ٹاپ اسکوررز کی فہرست میں تیسرے نمبر پرہیں، انھوں نے8829 رنز بنائے، 31 ٹیسٹ میچز میں قیادت کی،جنوبی افریقہ کیخلاف انضمام نے13 ٹیسٹ میں 710 رنز اسکور کیے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔