سابق بال پکر بابراعظم ٹیم کی قیادت کیلیے تیار

اسپورٹس رپورٹر  اتوار 24 جنوری 2021
کرکٹ کیرئیر کا یہ سفر آسان نہیں رہا، بہت قربانیاں دیں،کپتان۔ فوٹو: فائل

کرکٹ کیرئیر کا یہ سفر آسان نہیں رہا، بہت قربانیاں دیں،کپتان۔ فوٹو: فائل

لاہور: جنوبی افریقہ سے میچ میں سابق بال پکر بابر اعظم ٹیم کی قیادت کیلیے تیار ہیں۔

بابراعظم کے کرکٹ کیریئر میں قذافی اسٹیڈیم کا کردار بہت اہم ہے،2007 میں آخری بار پاکستان آنے والی جنوبی افریقی ٹیم کے یہاں ٹیسٹ میچ میں وہ بطور بال پکر گراؤنڈ میں موجود تھے،اب پروٹیز سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شیڈول میچ میں میدان میں اترنے کیلیے تیار ہیں،ان کا بطور ٹیسٹ کپتان ڈیبیو بھی ہوگا۔

پی سی بی کی ویڈیو میں بابراعظم نے کہاکہ کرکٹ کے نامور ستاروں کو اپنی آنکھوں کے سامنے دیکھنے کا شوق مجھے قذافی اسٹیڈیم کھینچ لایا اور بال پکر کا کردار نبھایا،یہ انضمام الحق کے ٹیسٹ کیریئر کا آخری میچ تھا،انھیں جاوید میانداد کا ریکارڈ توڑنے کے لیے مزید 2 رنز درکار تھے مگر وہ اسٹمپڈ ہوگئے، سابق کپتان کے پویلین واپس لوٹنے اور ڈریسنگ روم میں غصے سے بیٹ مارنے کا منظرمجھے آج بھی یاد ہے۔

انھوں نے کہا کہ کرکٹ کیریئر کا یہ سفر آسان نہیں رہا،اس دوران بہت قربانیاں دی ہیں، اپنے خواب کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے سخت محنت کی،میں اے بی ڈی ویلیئرز کا بڑا پرستار تھا، پریکٹس دیکھنے کیلیے قذافی اسٹیڈیم میں موجود رہتا تھا، عبدالرحمٰن کی گیند پر پال ڈومنی نے چھکا لگایا تو باؤنڈری کے پار آنے والا کیچ میں نے باآسانی تھام لیا تھا جس پر کمنٹیٹر ای این بشپ نے تعریف کی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔