افغانستان میں فوجی چیک پوسٹ اور بینک کی گاڑی پر حملے، 9 ہلاکتیں

ویب ڈیسک  اتوار 24 جنوری 2021
فوجی چیک پوسٹ پر حملے میں 6 اہلکار ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے، فوٹو : افغان میڈیا

فوجی چیک پوسٹ پر حملے میں 6 اہلکار ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے، فوٹو : افغان میڈیا

کابل: افغانستان میں فوجی چیک پوسٹ پر طالبان جنگجوؤں نے دھاوا بول جس کے نتیجے میں 6 سیکیورٹی اہلکار ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے جب کہ قومی بینک کی گاڑی پر حملے میں 3 افراد مارے گئے۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے ہرات کی فوجی چیک پوسٹ پر موٹر سائیکل سوار طالبان جنگجوؤں نے حملہ کردیا، دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں 6 اہلکار اور 4 زخمی ہوگئے۔

افغان وزارت دفاع کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ سیکیورٹی اہلکاروں نے طالبان حملے کو ناکام بناتے ہوئے جنگجوؤں کو پسپا ہونے پر مجبور کردیا۔ جوابی کارروائی میں 10 سے زائد جنگجو مارے گئے۔

دوسری جانب طالبان کا کہنا ہے کہ حملے میں صرف افغان فوجی مارے گئے۔ ہمارا جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔ کامیاب کارروائی کے بعد افغان فوج کا اسلحہ اور گاڑی بھی ہاتھ آئی۔

ادھر دارالحکومت کابل میں قومی بینک کی گاڑی پر مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس میں بینک منیجر سمیت تین افراد ہلاک ہوگئے جب کہ ایک راہگیر کو بھی چوٹیں آئی ہیں۔

واضح رہے کی قطر کے دارالحکومت میں افغان حکومت اور طالبان کے درمیان امن مذاکرات جاری ہیں جو تاحال کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے ہیں اور فریقین کی جانب سے ایک دوسرے کیخلاف پُرتشدد کارروائیاں جاری ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔