پاک بحریہ کیلیے استبول میں جہاز کی تعمیر، ترک صدر نے ویلڈنگ کرکے باضابطہ آغاز کردیا

اسٹاف رپورٹر  اتوار 24 جنوری 2021
ترک صدر رجب طیب اردگان استنبول کی بندرگاہ پر پاک نیوی کے لیے جہاز کی تعمیر میں ویلڈنگ کا افتتاح کرتے ہوئے (فوٹو : پاک بحریہ)

ترک صدر رجب طیب اردگان استنبول کی بندرگاہ پر پاک نیوی کے لیے جہاز کی تعمیر میں ویلڈنگ کا افتتاح کرتے ہوئے (فوٹو : پاک بحریہ)

 کراچی: پاک بحریہ کے تیسرے ملجم کلاس جہاز کی تعمیر کے لیے ترکی میں تقریب منعقد ہوئی جس میں ترک صدر رجب طیب اردگان نے ویلڈنگ کرکے تعمیر کا باضابطہ آغاز کردیا۔

پاک بحریہ کے لیے تعمیر کیے جانے والے تیسرے ملجم کلاس جہاز کی تعمیر کے سلسلے میں ویلڈنگ تقریب کا انعقاد استنبول نیول شپ یارڈ میں کیا گیا۔ ترکی کے صدر رجب طیب اردگان اور ترکی میں پاکستان کے سفیر محمد سائرس سجاد قاضی نے مل کر ویلڈنگ کرتے ہوئے منصوبے کا آغاز کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر رجب طیب اردگان نے دفاعی طور پر مشترکہ مقاصد رکھنے والے دونوں ممالک کے گہرے تعلقات پر روشنی ڈالی۔ انھوں نے ملجم کلاس جہازوں کی تعمیر کو پاک ترک دفاعی تعلقات میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔ ترک صدر نے دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے اسٹریٹجک اکانومک فریم ورک کو برادرانہ تعلقات میں مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے دفاعی شعبے میں ترکی کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کروائی۔

pak navy ship welding by turk president tayyeb erodugan 3

ترک صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکی ایک جیسے چیلنجز سے نبرد آزما ہیں، اسٹریٹجک اکنامک فریم ورک سے دونوں ملکوں کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

ملجم کلاس جہاز جدید ترین سینسرز اور ہتھیاروں بشمول زیر آب، سطح آب اور فضاء میں مار کرنے والے میزائل سسٹم اور جدید جنگی نظام سے لیس ہوں گے۔ یہ کارویٹس پاک بحریہ کی دفاعی اور حربی صلاحیتوں میں خاطر خواہ اضافہ کریں گے۔ یہ جہاز پاک بحریہ کی کائینیٹک صلاحیتوں میں بھی اضافہ کریں گے اور بحر ہند میں امن، استحکام اور طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے میں نمایاں کردار ادا کریں گے۔

pak navy ship welding by turk president tayyeb erodugan 2

یاد رہے کہ پاکستان بحریہ کے لیے چار ملجم کلاس جہازوں کی تعمیر کا معاہدہ ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی پروگرام کے تحت ترکی کی سرکاری دفاعی کمپنی اسفات (ASFAT) کے ساتھ 2018ء میں طے ہوا۔ ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی پروگرام کے تحت دو جہاز ترکی جبکہ دو جہاز کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں تعمیر کیے جائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔