عالیہ ریاض جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز کا جیت سے اختتام کرنے کیلیے پرامید

اسپورٹس رپورٹر  پير 25 جنوری 2021
میزبان ٹیم کو سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے

میزبان ٹیم کو سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے

پاکستان اور جنوبی افریقہ کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے مابین سیریز کا آخری ایک روزہ انٹرنیشنل میچ 26 جنوری بروز منگل کو کنگز میڈ کرکٹ اسٹیڈیم ڈربن میں کھیلا جائے گا۔

ہفتے کے روز کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 13 رنز سے شکست دے دی تھی۔ 253 رنز کے تعاقب میں پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم مقررہ پچاس اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز ہی بناسکی تھی۔

عالیہ ریاض نے 81 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ٹیم کو میچ میں واپس لانے کی کوشش کی تاہم وہ پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کوفتح دلانے میں ناکام رہیں۔ انہوں نے ندا ڈار کے ہمراہ چھٹی وکٹ کے لیے 111 رنز کی شراکت قائم کی تھی۔ یہ پاکستان کرکٹ کی اس وکٹ کے  لیے سب سے بہترین پارٹنر شپ ہے۔

آل راؤنڈر عالیہ ریاض کا کہنا ہے کہ ہمیں اندازہ تھا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف یہ سیریز بہت چیلنجنگ ہوگی کیونکہ یم بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور وہ ان کنڈیشنز پر کھیلنے کی ماہربھی ہیں ، برصغیر سے آنے والی کسی بھی ٹیم کے لیے یہ کنڈیشنز ٹف ہوتی ہیں۔ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے ابتدائی دونوں میچز میزبان ٹیم نے جیتے تاہم ہم تیسرے ایک روزہ میچ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے سیریز کا اچھا اختتام کرنا چاہتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔