ملک میں ایک دن میں کورونا سے مزید 58 افراد جاں بحق

ویب ڈیسک  منگل 26 جنوری 2021
ملک میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 35 ہزار 914 ہوگئی، این سی اوسی فوٹو: فائل

ملک میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 35 ہزار 914 ہوگئی، این سی اوسی فوٹو: فائل

 اسلام آباد: ملک میں کورونا کی وبا سے کورونا کے مزید 58 مصدقہ مریض جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد اس وائرس سے لقمہ اجل بننے والے مریضوں کی تعداد 11 ہزار 376 ہوگئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 42 ہزار 587 ٹیسٹ کئے گئے، اس طرح اب تک مجموعی طور پر کوویڈ 19 کے 77 لاکھ 22 ہزار 829 ٹیسٹ ہوچکے ہیں۔

این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر سے کورونا کے مزید ایک ہزار 873 کیسز سامنے آئے ہیں، اس طرح اب تک ملک میں کورونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 5 لاکھ 38 ہزار 914 ہوگئی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں ایک ہزار 223 افراد نے اس وبا کو شکست دی ہے ، جس کے بعد کورونا سے صحتیاب ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 4 لاکھ90 ہزار 126ہوگئی ہے۔

این سی او سی کے مطابق کورونا سے مزید 58 افراد لقمہ اجل بنے ہیں، اب تک کوویڈ 19 کے مصدقہ جاں بحق مریضوں کی تعداد 11 ہزار 376 ہوگئی ہے۔ ملک بھر میں اس وقت کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 34 ہزار 412 ہے جن میں سے 2 ہزار 228 کی تعداد تشویشناک ہے۔

کورونا وائرس اوراحتیاطی تدابیر

کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیراختیارکرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازے کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلاکربیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔

سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر ابھرے ہوئے ہوئے پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پرکوئی اثرنہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔

پا نی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اورہرایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اوروہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے، گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہوجاتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔