مصر،اخوان المسلمون کے572 عہدیداروں کی جائیدادیں ضبط، مرسی کا ترجمان گرفتار

خبر ایجنسیاں  جمعرات 2 جنوری 2014
سابق صدرکے ترجمان یاسر علی جیل منتقل، تفتیش جاری،اخوان پر پابندی مسترد کرتے ہیں، کوئی بھی ہمیں نظریات سے پیچھے نہیں ہٹاسکتا، حماس ،فوٹو: رائٹرز/فائل

سابق صدرکے ترجمان یاسر علی جیل منتقل، تفتیش جاری،اخوان پر پابندی مسترد کرتے ہیں، کوئی بھی ہمیں نظریات سے پیچھے نہیں ہٹاسکتا، حماس ،فوٹو: رائٹرز/فائل

قاہرہ / غزہ: مصر میں اخوان المسلمون کے 572چھوٹے بڑے عہدے داروں کے اثاثے ضبط کر لیے گئے جبکہ سابق صدر محمد مرسی کے ترجمان یاسر علی کو گرفتار کر لیا گیا۔

مصری وزارت انصاف کے ایک اعلی عہدے دار عبدالاعظم الاشعری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایک وزارتی کمیٹی نے اخوان المسلمون کے 572 عہدے داروں کی منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد ضبط کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ وزارت انصاف کا یہ نیا حکم اخوان المسلمون کے خلاف جاری وسیع تر کریک ڈاون کا حصہ ہے۔

دوسری طرف مصری حکام نے سابق صدر محمد مرسی کے ترجمان یاسرعلی کو گرفتار کر لیا۔ مصری وزیر داخلہ محمد ابراہیم نے بتایاکہ یاسر علی جو اخوان المسلمون کے اہم رہنما بھی ہیں، کو گرفتاری کے بعد غزہ کے ڈوکی پولیس اسٹیشن میں رکھا گیا ہے جہاں ان سے تفتیش جاری ہے۔ دریں اثنا حماس نے مصری حکومت کی جانب سے اخوان المسلمون کو دہشت گرد تنظیم قرار دیے کر پابندی عائد کرنے کو مسترد کردیا۔ حماس کے رہنما اسماعیل ہانیا نے غزہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حماس اسلام پسند تحریک اخوان المسلمون سے اپنے تعلقات قائم رکھے گی، کوئی بھی حماس کو اس کے نظریات اور تاریخ سے پیچھے نہیں ہٹا سکتا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔