فضل الرحمان، نواز شریف اور زرداری کے حکومت مخالف تحریک پر ٹیلیفونک رابطے

ویب ڈیسک  منگل 26 جنوری 2021
ٹیلیفونک رابطے میں ملک کی سیاسی صورت حال اور حکومت مخالف تحریک پر تبادلۂ خیال کیا گیا(فوٹو، فائل)

ٹیلیفونک رابطے میں ملک کی سیاسی صورت حال اور حکومت مخالف تحریک پر تبادلۂ خیال کیا گیا(فوٹو، فائل)

 اسلام آباد: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری کے درمیان  ٹیلی فونک رابطوں میں ملکی سیاسی صورت حال سمیت حکومت مخالف تحریک پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ 

ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم سربراہی اجلاس سے قبل اپوزیشن رہنمائوں کی حکومت مخالف تحریک کو تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ پی ڈی ایم کا یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے  جلسہ مظفرآباد میں منعقد کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا علاوہ ازیں تحریک عدم اعتماد، لانگ مارچ پر بھی گفتگو کی گئی۔

مولانا فضل الرحمان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پی ڈی ایم  حکومت یا اسٹیبلشمنٹ کسی کے ساتھ مذاکرات نہیں کر رہی۔ہمارے ساتھ اگر کوئی بات کرنا چاہتا ہے تو وہ ہمارے مطالبات پورے کر کے آئے۔ عدم اعتماد کا آپشن موجود ہے لیکن اس پر عمل ہوتا نظر نہیں آ رہا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا سینیٹ الیکشن مشترکہ طور پر لڑنے کی تجویز ہے جس پر بات چیت ہو رہی ہے۔  پی ڈی ایم  میں شامل سب جماعتوں کا اپنا اپنا موقف ہے لیکن فیصلے مشترکہ اور متفقہ ہوتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔