پہلی ششماہی، برآمدات اور بیرونی سرمایہ کاری میں کمی، مالیاتی خسارہ بڑھ گیا

ارشاد انصاری  منگل 26 جنوری 2021
بیرونی سرمایہ کاری میں 29.8 فیصد کمی جب کہ مالیاتی خسارہ میں 21 فیصد اضافہ، زرعی قرضوں میں بھی کمی آگئی (فوٹو : فائل)

بیرونی سرمایہ کاری میں 29.8 فیصد کمی جب کہ مالیاتی خسارہ میں 21 فیصد اضافہ، زرعی قرضوں میں بھی کمی آگئی (فوٹو : فائل)

 اسلام آباد: رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران معاشی اعشاریوں میں کمی کا رجحان سامنے آگیا، برآمدات اور بیرونی سرمایہ کاری میں کمی واقع ہوئی اور مالیاتی خسارہ بڑھ گیا۔

وزارت خزانہ کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال کی بہ نسبت بیرونی سرمایہ کاری میں 29.8 فیصد کمی آگئی اور اس کا حجم 1 ارب 35 کروڑ ڈالر سے کم ہو کر 95 کروڑ ڈالر رہ گیا۔

دستاویز کے مطابق مالیاتی خسارہ 21 فیصد اضافہ کے ساتھ 8 سو 22 ارب روپے تک پہنچ گیا جبکہ گزشتہ مالی سال اسی عرصہ کے دوران 676 ارب روپے کا مالیاتی خسارہ ریکارڈ ہوا تھا۔

وزارت خزانہ کی رپورٹ کے مطابق زرعی قرضہ جات میں بھی رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران 2.4 کمی ریکارڈ کی گئی اسی طرح سے گزشتہ سال کی بہ نسبت رواں مالی سال جولائی سے دسمبر برآمدات میں 4.8 فیصد کمی ریکارڈ ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال کی بہ نسبت جولائی سے دسمبر درآمدات 22 ارب ڈالر سے بڑھ کر 23 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔