عالمی ادارہ صحت نے کووڈ 19 علاج کی نئی ہدایات جاری کردیں

ویب ڈیسک  بدھ 27 جنوری 2021
عالمی ادارہ برائے صحت نے کورونا وائرس کے تناظر میں ڈاکٹروں کے لیے نئی ہدایات جاری کی ہیں۔ فوٹو: فائل

عالمی ادارہ برائے صحت نے کورونا وائرس کے تناظر میں ڈاکٹروں کے لیے نئی ہدایات جاری کی ہیں۔ فوٹو: فائل

جنیوا: عالمی ادارہ برائے صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کورونا وائرس سے متاثرہ زیرِعلاج اور شفا یاب افراد کےلیے نئی رہنما ہدایات (گائیڈلائنز) جاری کردی ہیں۔

انہیں کلینکل یا  طبی ہدایات بھی کہا جاتا ہے جنہیں کووڈ 19 کے علاج کے دوران اختیار کرنا ضروری قرار دیا گیا ہے۔ اس ضمن میں اسپتال سے فارغ ہونے کے بعد مسلسل علامات ظاہر ہونے والے مریضوں سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ خون پتلا کرنے والی دوا کی کم خوراک (ڈوز) بھی لے سکتے ہیں۔

البتہ کووڈ 19 کے دوران گھروں میں زیرِعلاج مریضوں کو پلس آکسی میٹر کا مسلسل استعمال کا مشورہ بھی دیا گیا ہے۔ مریض کی طبیعت معمولی سے بھی بگڑ جائے تو اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کرنے کا بھی مشورہ دیا گیا ہے۔

عالمی ادارہ برائے صحت کی ترجمان مارگریٹ ہیرس نے جنیوا میں پریس بریفنگ کے دوران ڈاکٹروں سے کہا کہ وہ مریضوں کو اوندھا لٹا کر رکھیں تاکہ جسم میں آکسیجن کا بہاؤ بہتر ہوسکے۔ لیکن یہ ضروری ہے کہ مریضوں کو ساتھ ساتھ خون پتلا کرنے والی دوا کی کم ترین خوراک کو یقینی بنایا جائے۔

واضح رہے کہ اس وقت عالمی ادارے کے ممتاز ڈاکٹروں کی ٹیم چینی شہر ووہان میں ہے جہاں دسمبر 2019 میں کووڈ 19 کا پہلا کیس سامنے آیا تھا۔ مارگریٹ نے بتایا کہ اگلے دو روز تک ٹیم قرنطینہ میں رہے گی اور اس کے بعد اپنی تحقیقات شروع کرے گی تاکہ اس وائرس کے نقطہ آغاز کا سراغ لگایا جاسکے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔