ماحول دوست اسمارٹ فون اپنی پیداوار سے قبل ہی مشہور

ویب ڈیسک  بدھ 27 جنوری 2021
ٹیراکیوب ٹوای ری سائیکل کے قابل مٹیریئل سے بنا ہے اور اس کا کیس ازخود گھل کر ختم ہوجاتا ہے۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

ٹیراکیوب ٹوای ری سائیکل کے قابل مٹیریئل سے بنا ہے اور اس کا کیس ازخود گھل کر ختم ہوجاتا ہے۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

 نیویارک: انٹرنیٹ پرشراکتی چندے کی مشہور ویب سائٹ انڈی گوگوپرماحول دوست اور سبزاسمارٹ فون کے لئے مدد کی مہم شروع کی گئی تو صرف چار گھنٹے میں ہی اس پروجیکٹ کی مطلوبہ رقم جمع ہوگئی جو ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔

اس کے بعد ٹیراکیوب ٹو ای کے پروٹوٹائپ پر کام شروع ہوگیا ہے۔ اس سے قبل یہ کمپنی ٹیراکیوب ون بھی پیش کرچکی ہے۔ اس کی بیٹری بار بار بدلی جاسکتی ہے۔ فون کے اکثر اجزا ری سائیکل (بازیافت) ہونے کے قابل ہیں۔ اس کا بیرونی خول بھی فوری دھیرے دھیرے گھل کر ختم ہوجاتا ہے اور مکمل طور پر بایوڈگریڈایبل ہے۔ اس کی سب سے اہم بات یہ ہے کہ خراب ہونے کی صورت میں آپ خود اس کی مرمت بھی کرسکتے ہیں۔

اس بار ٹیراکیوب ٹوای خریدنے پر چار سال کی گارنٹی دی جارہی ہے لیکن یہ مخصوص ممالک کے لیے ہوگی جن میں جرمنی، فرانس، اٹلی، اسپین، ہالینڈ، پولینڈ اور سنگاپور شامل ہیں۔ اس میں بیٹری کو فون کا حصہ نہیں بنایا گیا ہے۔ یہ بیٹری بار بار تبدیل کی جاسکتی ہیں اور آپ کمپنی سے اضافی بیٹری خرید کر رکھی جاسکتی ہیں۔ 4000 ایم اے ایچ کی بیٹری ایک مرتبہ چارج ہونے پر دو دن تک چل سکتی ہے۔

اس فون کو کچھ ایسے ڈیزائن کیا گیا ہے کہ اس کے بڑے مسائل آپ خود ٹھیک کرسکتے ہیں۔ مرمت کی یہ تربیت خود کمپنی بھی فراہم کرے گی یعنی اس کے بعض حصے ازخود الگ ہوسکتے ہیں اور یوں آپ اسے ٹھیک بھی کرسکتےہیں۔ دوسری اہم بات یہ ہے کہ اسمارٹ فون فضول کی بھاری بھرکم پلاسٹک اور دیگر اجزا کی پیکنگ میں بند ہوتے ہیں جبکہ اس کے ساتھ ایسا نہیں ہیں۔ ٹیراکیوب ٹوای کی پیکنگ بھی دیگراسمارٹ فون کے مقابلے میں نصف ہے۔

پیکنگ کا ڈبہ ری سائیکل شدہ کاغذ سے تیار کیا گیا ہے اور اس پر ماحول دوست روشنائی سے نام چھاپا گیا ہے۔ اس سے کاربن ڈائی آکسائیڈ کا اخراج کم ہوتا ہے اور ماحول پر بوجھ کم ہوتا ہے۔ سبزفون کو کسی بھی یوایس بی سی چارجر سے چارج کیا جاسکتا ہے۔

فون کی تعارفی قیمت 169 ڈالر رکھی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔