ابو ظہبی ٹیسٹ،سری لنکا نے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر4 وکٹوں پر186 رنز بنا لئے

ویب ڈیسک  جمعرات 2 جنوری 2014
پاکستان کی جانب سے جنید خان اور بلاول بھٹی نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ فوٹو:اے ایف پی

پاکستان کی جانب سے جنید خان اور بلاول بھٹی نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ فوٹو:اے ایف پی

ابو ظہبی: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جاری پہلے ٹیسٹ کے تیسرے  دن کے اختتام پر آئرلینڈر نے برتری ختم کرتے ہوئے 4 وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز بنا لئے ، سری لنکا کو پاکستان  کیخلاف  7 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔

ابو ظہبی کے شیخ  زید کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا دوبارہ آغاز 327 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ سے کیا تو کپتان مصباح الحق ناقابل شکست105رنز جبکہ اسد شفیق 12رنز کے مجموعی اسکور پر ناٹ آؤٹ تھے، تاہم کھیل کا پہلا سیشن سری لنکن بالرز کے نام رہا جنہوں نے صرف 56 رنز کے عوض پاکستان کے دیگر 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور قومی ٹیم کو 383 رنز پر محدود کردیا، اس طرح پاکستان کو پہلی اننگز میں سری لنکا کے خلاف 179 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔

دوسری اننگ میں سری لنکن بلے بازوں نے پراعتماد آغاز کیا اور 47 رنز پر جنید خان نے کرونارٹانے کو بولڈ کردیا وہ صرف 24 رنز ہی بنا سکے جس کے بعد وکٹ کیپر بلے باز کمار سنگارا اور سلوا نے ٹیم کو سہارا دیا اور وکٹ کے چاروں اطراف دلکش شارٹس لگائے، دونوں بیٹسمینوں کے درمیان 99 رنز کی شراکت قائم ہوئی ،سنگارا کارا 55 رنز بنا کر بلاول بھٹی کی گیند پر یونس خان کو کیچ دے بیٹھے، تیسرے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین جے وردنے تھے جو بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے جبکہ سلوا نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 81 رنز بنائے۔

تیسرے دن کے کھیل کے اختتام پر چندیمل 24 رنز اور کپتان انجیلو میتھیوز صفر رنز کے ساتھ کریز پرموجود ہیں، پاکستان کی جانب سے جنید خان اور بلاول بھٹی نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔