جہانگیر ترین کو سینیٹ ٹکٹ دینے کی پی ٹی آئی کمیٹی کا چیئرمین بنانے کی تجویز

ویب ڈیسک  بدھ 27 جنوری 2021
وزیراعظم کی زیرصدارت پارلیمانی پارٹی اجلاس میں جہانگیر ترین کا تذکرہ

وزیراعظم کی زیرصدارت پارلیمانی پارٹی اجلاس میں جہانگیر ترین کا تذکرہ

 اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سینیٹ کا ٹکٹ دینے کی کمیٹی کا چیئرمین جہانگیر ترین کو بنانے کی تجویز سامنے آگئی۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت حکومتی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا تو اس میں جہانگیر ترین کا بھی تذکرہ ہوا۔

راجہ ریاض نے کہا کہ جہانگیر ترین کی پارٹی کے لیے خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا، پنجاب سے سینیٹ انتخابات کے لیے ٹکٹ دینے کی کمیٹی کا چیئرمین جہانگیر ترین کو بنایا جائے، چوہدری سرور ، شاہ محمود قریشی ، عامر کیانی ، اعجاز چوہدری کو بھی شامل کیا جائے۔

چینی مہنگی ہونے کے اسکینڈل کی تحقیقات میں جہانگیر ترین کا نام سامنے آیا تھا جس کے بعد سے ان کے اور وزیراعظم عمران خان کے درمیان فاصلے بڑھ گئے ہیں۔

شوگر کمیشن کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ جہانگیر ترین سمیت حکومتی اور اپوزیشن کے کئی سیاستدانوں کی شوگر ملز سالہا سال سے دھوکہ دہی اور فراڈ کے ذریعے چینی کی قیمت میں مصنوعی اضافہ کر کے ناجائز منافع کمارہی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔