آن کیمپس امتحانات کے خلاف طلبہ کا احتجاج کراچی میں بھی شروع

صفدر رضوی  جمعرات 28 جنوری 2021
 کراچی میں نجی یونیورسٹی کے طلبہ کا کیمپس کے سامنے احتجاج۔ فوٹو : فائل

کراچی میں نجی یونیورسٹی کے طلبہ کا کیمپس کے سامنے احتجاج۔ فوٹو : فائل

 کراچی: شہر قائد میں بھی آن کیمپس امتحانات کے خلاف طلبہ نے احتجاج شروع کردیا ہے۔

پنجاب کے بعد اب سندھ میں بھی جامعات کے طلبہ نے آن کیمپس یا فزیکل امتحانات کے خلاف احتجاج شروع کردیا ہے، کراچی میں نجی یونیورسٹی کے طلبہ نے جمعرات کی دوپہر کیمپس کے سامنے احتجاج کیا اور اسٹیڈیم روڈ بلاک کردی، طلبہ نے ہاتھ میں پلے کارڈ اور بینرز اٹھائے ہوئے تھے جن پر “آن لائن کلاسز تو آن کیمپس امتحانات کیوں،  آن لائن کلاسز لی ہیں تو آن لائن ہی امتحانات دیں گے”سمیت دیگر نعرے درج تھے۔

دوسری جانب “ایکسپریس” نے فزیکل یا آن کیمپس امتحانات کے خلاف طلبہ کے احتجاج کے باوجود جامعات کو دونوں طریقوں سے امتحانات لینے کا مجاز قرار دینے سے متعلق ایچ ای سی کے چیئرمین ڈاکٹر طارق بنوری کا موقف جاننے کے لیے ان سے رابطے کی ہر ممکن کوشش کی تاہم وہ مسلسل رابطے سے گریز کرتے رہے۔

واضح رہے کہ آن لائن اور آن کیمپس امتحانات کے معاملے پر جامعہ کراچی اور شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی آف لیاری نے اپنے طلبہ کے خدشات کو جانتے ہوئے hybrid امتحانات کا نظام متعارف کرایا ہے جس کے تحت ہر مضمون کی جتنی کلاسز آن لائن لی گئی ہیں طلبہ مضمون کے اس حصے کا امتحان آن لائن دیں گے جب کہ فزیکل کلاس کے عوض آن کیمپس امتحانات دیں گے تاہم دیگر اور بالخصوص نجی جامعات اس سلسلے میں طلبہ کو مطمئن کرنے اور معاملے سے نمٹنے میں ناکام نظر آتی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔