پانی کی دھار سے شکار کرنے والی مچھلی

ویب ڈیسک  جمعـء 29 جنوری 2021
اس چھوٹی سی مچھلی میں پانی کی بوچھاڑ سے نشانہ لگانے کی قدرتی صلاحیت واقعی حیرت انگیز ہے۔ (تصاویر: انٹرنیٹ)

اس چھوٹی سی مچھلی میں پانی کی بوچھاڑ سے نشانہ لگانے کی قدرتی صلاحیت واقعی حیرت انگیز ہے۔ (تصاویر: انٹرنیٹ)

کراچی: ہجوم کو منشتر کرنے کےلیے واٹر کینن سے پانی کی تیز بوچھاڑ مارنا ایک عام سی بات ہے لیکن ایک مچھلی ایسی بھی ہے جو پانی کی تیز بوچھاڑ سے نشانہ باندھ کر، کیڑے مکوڑوں کا شکار کرکے اپنا پیٹ بھرتی ہے۔

ویسے تو اس مچھلی کا سائنسی نام Toxotes jaculatrix لیکن یہ ’تیر انداز مچھلی‘ (آرچر فش) کے نام سے مشہور ہے۔

شکار کرنے کےلیے یہ منہ میں پانی بھر کر اپنا سر، پانی کی سطح سے باہر نکالتی ہے اور شکار تلاش کرتی ہے۔

جونہی اسے قریب میں کوئی کیڑا مکوڑا دکھائی دیتا ہے، یہ نشانہ باندھ کر اپنے منہ میں بھرے ہوئے پانی کو ایک تیز دھار کی شکل میں اس پر پھینکتی ہے۔

یہ پانی کسی نوکیلے اور تیز رفتار تیر کی طرح شکار پر پڑتا ہے اور اسے گرا دیتا ہے۔ شکار کے پانی میں گرتے ہی یہ مچھلی اسے اپنا نوالہ بنا لیتی ہے۔

ویسے تو اس مچھلی کی بیشتر اقسام بہت چھوٹی یعنی 5 سے 7 انچ جتنی لمبی ہوتی ہیں لیکن اس میں پانی کی بوچھاڑ سے نشانہ لگانے کی قدرتی صلاحیت واقعی حیرت انگیز ہے۔

جنوبی ایشیا اور جنوب مشرقی ایشیا میں سمندری ساحلوں پر مینگرووز کے جنگلات مشہور ہیں۔ ’تیر انداز مچھلی‘ (آرچر فش) کی تمام اقسام ان ہی جنگلات کے قریب، کم گہرے سمندر میں پائی جاتی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔