بھارت میں اسرائیلی سفارت خانے کے قریب دھماکا

ویب ڈیسک  جمعـء 29 جنوری 2021
دھماکے میں تین گاڑیاں تباہ ہوگئیں، فوٹو : فائل

دھماکے میں تین گاڑیاں تباہ ہوگئیں، فوٹو : فائل

نئی دہلی: بھارت کے دارالحکومت میں اسرائیلی سفارت خانے سے چند قدم کی دوری پر زور دار دھماکا ہوا ہے جس میں تین کاریں تباہ ہوگئیں۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے ریڈ زون ایریا میں واقع اسرائیلی سفارت خانے سے چند میٹرز کی دوری پر زوردار دھماکے کی آواز سنی گئی ہے۔

دھماکے کی آواز دور تک سنی گئی جب کہ سفارت خانے کے نزدیک 3 کاریں تباہ ہوگئیں۔ جائے وقوعہ کی جانب ہارن بجاتی ایمبولینسوں کو جاتے ہوئے دیکھا گیا ہے جب کہ پولیس نے علاقے کا گھیراؤ کرلیا ہے۔

نئی دہلی پولیس کے ترجمان نے اسرائیل کے سفارت خانے کے نزدیک دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی طور پر جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ دھماکے کی نوعیت اور وجہ کا تعین کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ 2012 میں بھی نئی دہلی میں اسرائیل کے سفارت خانے پر اسی قسم کا دھماکا کیا گیا تھا تاہم کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔