ریلوے کے پاس محفوظ فیول ذخائر 2 سے 12 روز تک بڑھ گئے

اے پی پی  جمعـء 3 جنوری 2014
ریلوے کو انجنوں کی کمی کا سامنا ہے، مزید انجن لئے جائیں گے، حکام۔ فوٹو: فائل

ریلوے کو انجنوں کی کمی کا سامنا ہے، مزید انجن لئے جائیں گے، حکام۔ فوٹو: فائل

اسلام آ باد: پاکستان ریلوے نے اپنی زمین پر موجود قبضہ مافیا سے زمین واگزار کرانے کی حکمت عملی ترتیب دے دی ہے اور اس سلسلے میں کسی کے ساتھ بھی نرمی نہ برتنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ریلوے حکام کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی خصوصی ہدایت پر ریلوے کو بحران سے نکال کر منافع بخش ادارہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں ریلوے کے اپنے ہی وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔ ادھر ریلوے کے پاس تیل کے محفوظ ذخائر 2روز سے بڑھ کر12دن تک پہنچ گئے جو حکومت کی اہم پیشرفت ہے، ماضی میں پاکستان ریلوے کے پاس صرف 1یا 2 دن کے ذخائر ہوتے تھے جس سے ادارے کو بہت پریشانی کا سامنا تھا۔

ریلوے حکام کے مطابق موجودہ حکومت نے ریلوے کو بحران سے نکال کر منافع بخش ادارہ بنانے کا تہیہ کر رکھا ہے۔ دریں اثنا پاکستان ریلوے نے مزید انجن بھی لینے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ ریلوے کو انجنوں کی کمی کا سامنا ہے، ریلوے انفرااسٹرکچر کی اپ گریڈیشن کا کام بھی جاری ہے جبکہ مسافر ٹرینوں کے علاوہ فریٹ ٹرینوں کی حالت زار بھی بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔