پنشنرز کی ہر 6 ماہ میں نادرا سے بایو میٹرک تصدیق کرانے کا فیصلہ

بزنس رپورٹر  اتوار 31 جنوری 2021
ہر سال مارچ اور اکتوبر میں پینشنرز نادرا سسٹم پر بائیو میٹرک تصدیق کرانے کے پابند ہوں گے، وزارت خزانہ
 (فوٹو : فائل)

ہر سال مارچ اور اکتوبر میں پینشنرز نادرا سسٹم پر بائیو میٹرک تصدیق کرانے کے پابند ہوں گے، وزارت خزانہ (فوٹو : فائل)

 اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پنشنرز کی ہر چھ ماہ میں نادرا سے بایو میٹرک تصدیق کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزرات خزانہ نے فیڈرل ٹریژری قواعد میں تبدیلی کردی جس کے تحت اب پینشنرز کو رقم کے حصول کے لیے سال میں دو بار بائیو میٹرک تصدیق سے گزرنا پڑے گا۔

دستاویز کے مطابق ہر سال مارچ اور اکتوبر میں پینشنرز نادرا سسٹم پر بائیو میٹرک تصدیق فراہم کرنے کے پابند ہونگے، اگر کوئی پینشنر بیمار یا چلنے پھرنے کے قابل نہ ہو تو اسے اپنے دستخط سے سرٹیفکیٹ فراہم کرنا ہوگا اور سرٹیفکیٹ کے ساتھ حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی فراہم کرنا ہوگی۔

دستاویز میں مزید بتایا گیا ہے کہ پینشن دینے والا افسر بائیو میٹرک تصدیق یا پینشنر کے زندہ ہونے کے ثبوت پر پینشن جاری کرنے کا مجاز ہوگا، چھ ماہ تک ڈرائنگ پینشن سرٹیفکیٹ یا بائیو میٹرک تصدیق فراہم نہ کرنے والے پینشنرز کا اکاؤنٹ غیر فعال کردیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔