امریکی اینکر کی بچے کو گود میں اُٹھاکر خبریں پڑھنے کی ویڈیو وائرل

ویب ڈیسک  منگل 2 فروری 2021
براہ راست نشریات کے دوران بچہ کمرے میں داخل ہوجاتا ہے، فوٹو: ویڈیو گریب

براہ راست نشریات کے دوران بچہ کمرے میں داخل ہوجاتا ہے، فوٹو: ویڈیو گریب

 واشنگٹن: امریکی ٹیلی وژن سے وابستہ ایک خاتون اینکر کی دلچسپ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میں براہ راست نشریات کے دوران غیر متوقع طور پر بچے کے آجانے پر خاتون اینکر نے اسے گود میں اُٹھا کر خبریں مکمل کیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ٹیلی وژن چینل  ‘اے بی سی7′ کی نیوز اینکر لیزلی لوبیز کورونا ایس او پیز کی وجہ سے ’’ورک فرام ہوم‘‘ کر رہی ہیں لیکن اس دوران پیش آنے والے ایک واقعے نے انہیں عالمی شہرت دلا دی۔

خاتون اینکر براہ راست نشریات میں موسم کا حال سنا رہی تھیں کہ اس دوران اچانک ان کا بیٹا کمرے میں داخل ہوجاتا ہے اور ماں کو تنگ کرنے لگتا ہے لیکن خاتون اینکر نے حواس باختہ ہونے کے بجائے بچے کو مسکراتے ہوئے گود میں اُٹھایا اور مکمل خبریں پڑھیں۔

دیکھتے ہی دیکھتے یہ ویڈیو سوشل ویڈیو پر وائرل ہوگئی اور صارفین نے خاتون کو سراہتے ہوئے ان کی تعریف کی۔ صارفین کا کہنا تھا کہ ورکنگ وومن کے لیے ویسے ہی پریشانیاں زیادہ ہیں اور اس پر ورک فرام ہوم میں مشکلات بڑھ جاتی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔