حکمرانوں میں مشرف کے ٹرائل کا حوصلہ نہیں، منور حسن

نمائندہ ایکسپریس  جمعـء 3 جنوری 2014
ہمارے ہاں کبھی اس طرح کا واقعہ پیش نہیں آیا کہ کسی آمر کو سزا دی گئی ہو،امیر جماعت اسلامی۔ فوٹو: فائل

ہمارے ہاں کبھی اس طرح کا واقعہ پیش نہیں آیا کہ کسی آمر کو سزا دی گئی ہو،امیر جماعت اسلامی۔ فوٹو: فائل

لاہور: امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نے کہا ہے کہ ان حکمرانوں میں حوصلہ ہی نہیں کہ مشرف کا ٹرائل کرسکیں، اللہ تعالیٰ مشرف کی زندگی میں برکت دے تاکہ وہ حق اور سچ کا سامنا کر سکیں، چاروں طرف بکھرے ہوئے سیاسی اور غیرسیاسی عوامل بھی مشرف کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں، ہمارے ہاں کبھی اس طرح کا واقعہ پیش نہیں آیا کہ کسی آمر کو سزا دی گئی ہو، لوگ سمجھتے ہیں کہ یہ سب دکھاوہ ہے، مشرف کو سزا نہیں ہوگی۔

جمعرات کو جماعت اسلامی کی مجلس عاملہ کے اجلاس کے بعد میڈیاکے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے منور حسن نے کہا کہ حکمراں بھی بے بس نظر آتے ہیں، جب کیس شروع ہوگا تو پتہ چلے گا کہ اس کی زد میں کون کون آتے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ آل پارٹیز کانفرنس کے طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے متفقہ مطالبے کے بعد یہ امید بندھی تھی کہ حکومت دہشت گردی اور بدامنی کے مسئلے سے نپٹنے کیلیے خلوص دل سے کوشاں ہے لیکن متفقہ قومی مطالبے سے امریکی دباؤ پر روگردانی کی گئی اور طالبان سے مذاکرات کے بجائے بھارت سے یک طرفہ دوستی کی کوششیں شروع کر دی گئیں۔

انھوں نے کہاکہ اب تک حکمرانوں نے جتنا وقت ضائع کیا ہے اس کے بعد ان سے کوئی امیدرکھنا خود فریبی ہے۔ انھوں نے کہا کہ کراچی میں امن کے قیام بڑا مسئلہ تھا جس کیلیے وہاں آپریشن جاری ہے لیکن ابھی تک امن کا قیام خواب و خیال کی بات ہے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت سے امید تھی کہ بلدیاتی انتخابات کا انعقادکرکے عوامی مسائل پر قابو پانے کی کوئی صورت نکالے گی مگرحکومت ان انتخابات کو حیلے بہانے سے ٹالنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ان حالات میں ضروری ہوگیا ہے کہ عوام بڑی جدوجہد کیلیے تیار رہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔