سندھ حکومت نے ایچ ای سی کا 2 سالہ ڈگری پروگرام ختم کرنے کا فیصلہ مسترد کردیا

صفدر رضوی  بدھ 3 فروری 2021
سندھ کی تمام جامعات 2 سالہ ڈگری پروگرامز جاری رکھیں گی، نثار کھوڑو  فوٹو، فائل

سندھ کی تمام جامعات 2 سالہ ڈگری پروگرامز جاری رکھیں گی، نثار کھوڑو فوٹو، فائل

 کراچی: سندھ حکومت نے وفاقی اعلیٰ تعلیمی کمیشن اسلام آباد کی جانب سے دو سالہ ڈگری پروگرام کو ختم کرنے کے فیصلے کو مسترد کردیا۔

سندھ اسمبلی میں منعقدہ پریس کانفرنس میں وزیراعلیٰ  سندھ کے مشیر برائے بورڈز اور جامعات نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ ہم سندھ کی جامعات اور کالجوں میں دو سالہ ڈگری پروگرام جاری رکھیں گے اگر سندھ یونیورسٹی جامشورو سمیت  کسی یونیورسٹی نے دو سالہ ڈگری کی جگہ ایسوسی ایٹ ڈگری شروع کی ہے تو اس سے بھی بات کریں گے دو سالہ ڈگری پروگرام کو ختم کرنے سے اعلیٰ تعلیم کے خواہشمند متوسط اور غریب طبقے کے لوگ سب سے زیادہ متاثر ہوں گے۔

نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ سندھ کی تمام جامعات صوبے کے یونیورسٹی ایکٹ کے تحت صوبائی خودمختاری کو استعمال کرکے تمام دو سالہ ڈگری پروگرامز جاری رکھیں گے۔

مشیر برائے وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ وفاقی HECکو اس بات کی ہر گز اجازت نہیں دے گا کہ وہ سندھ کے  تعلیمی اداروں کی جاری کردہ اسنادکی تصدیق کریں لہذا  تصدیق صرف وہی ادارہ کرسکتا ہے جو ڈگری جاری کرے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔