رانی مکھرجی کا فلم بلیک میں ’’اسپیشل لڑکی ‘‘ کے کردار سے متعلق انکشاف

ویب ڈیسک  جمعرات 4 فروری 2021
اسپیشل لڑکی کے کردار کی پیشکش ہونے پر ہچکچاہٹ کا شکار تھی، رانی مکھرجی (فوٹو: فائل)

اسپیشل لڑکی کے کردار کی پیشکش ہونے پر ہچکچاہٹ کا شکار تھی، رانی مکھرجی (فوٹو: فائل)

 ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ رانی مکھرجی نے فلم بلیک میں ’’ اسپیشل لڑکی ‘‘ کے کردار سے متعلق انکشافات کیے ہیں۔

رانی مکھرجی اور امیتابھ بچن کی مقبول ترین فلم ’بلیک‘ کو ریلیز ہوئے 16 سال گزر گئے۔ فلم میں اسپیشل لڑکی کا کردار ادا کرنے والی رانی مکھرجی نے اپنے کردار سے متعلق بتایا کہ جب ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی نے اس کردار کے لیے مجھے پیشکش کی تب میں بہت ہچکچاہٹ کا شکار تھی۔

رانی مکھرجی نے یہ بھی کہا کہ ہچکچاہٹ کا شکار اس وجہ سے نہیں تھی کہ مجھے فلم یا اس کردار پر تحفظات تھے بلکہ وجہ یہ تھی کہ یہ کردار بہت مشکل تھا حالاں کہ سنجے لیلا کے ساتھ کام کرنا اکثر اداکاراؤں کی خواہش ہوتی ہے میں تو ویسے بھی فلم  ’ دیو داس‘ کے بعد سے ان کی مداح تھی۔

اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ میں یہ کردار ادا کرنے پر اُمید نہیں تھیں بلکہ گھبراہٹ کا شکار تھی کیوں کہ میرے لیے یہ کردار بہت مشکل ترین تھا جوکہ میں نے اپنے فنی کیریئر میں کبھی ادا نہیں کیا تھا لیکن یہ کردار کرنے میں سنجے لیلا نے میرا بھرپور ساتھ دیا حتٰی کہ مجھے اس کردار کو حقیقت سے حقیقت تر دکھانے کے لیے چھ ماہ تک اشاروں کی زبان سیکھنے کی تربیت حاصل کرنی پڑی۔

واضح رہے کہ 2005ء میں سنجے لیلا بھنسالی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’ بلیک ‘ کی کہانی استاد اور اسپیشل طلبہ کے بہترین رشتے پر مبنی تھی جس میں امیتابھ بچن نے استاد جب کہ رانی مکھرجی نے اسپیشل لڑکی کا کردار ادا کیا تھا۔ اس کردار کی مقبولیت کی وجہ سے رانی مکھر جی کو بہترین اداکارہ کے ایوارڈ سے نوازا بھی گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔