کراچی میں آئندہ 20 روز تک سردی کی نئی لہر کا امکان ختم

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 5 فروری 2021
ہفتے کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29 ڈگری تک بڑھ سکتا ہے، محکمہ موسمیات۔ فوٹو:فائل

ہفتے کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29 ڈگری تک بڑھ سکتا ہے، محکمہ موسمیات۔ فوٹو:فائل

 کراچی: شہر قائد میں اگلے 20 روز تک سردی کی نئی لہر کا کوئی امکان نہیں، فروری کے اختتام تک شہرکا کم سے کم پارہ 12 سے 15 ڈگری کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔

ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 20 روز کے دوران شہر میں سردی کی نئی لہر چلنے کی کوئی توقع نہیں ہے، اس دوران شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 12 سے 15 ڈگری کے درمیان رہ سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 21 تا 22 فروری اور 27 تا 28 فروری ملک میں دو نئے سسٹم مغرب سے داخل ہونے کا امکان ہے تاہم ان کے کراچی پر اثر انداز ہونے کے حوالے سے پیش گوئی کرنا قبل از وقت ہوگا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعے کو شہر کا کم سے کم پارہ 12.5 اور زیادہ سے زیادہ 28.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، صبح کے وقت نمی کا تناسب 58 اور شام کو37 فیصد ریکارڈ ہوا۔ جمعہ کو دن بھر سمندر کی جنوب مغربی سمت کی ہوائیں چلیں جس کی رفتار 20 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئی، ہفتے کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29 ڈگری تک بڑھ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے تین روز کے دوران شہر کا مطلع دن میں صاف اور رات میں قدرے سرد رہنے کا امکان ہے، کم سے کم پارہ 12 سے 14 ڈگری جبکہ زیادہ سے زیادہ 27 سے29 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے، صبح کے وقت شمال مشرقی اور دوپہر کو سمندر کی جنوب مغربی ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔