گاڑیوں کی چوری، کراچی کے داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی ٹیمیں تعینات کرنے کا فیصلہ

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 6 فروری 2021
مقصد بین الصوبائی کار اور موٹر سائیکل لفٹرز کی گرفتاری، چوری و چھینی گئی موٹر سائیکلوں کی شہر سے باہر ترسیل روکنا ہے (فوٹو : فائل)

مقصد بین الصوبائی کار اور موٹر سائیکل لفٹرز کی گرفتاری، چوری و چھینی گئی موٹر سائیکلوں کی شہر سے باہر ترسیل روکنا ہے (فوٹو : فائل)

 کراچی: سندھ پولیس نے گاڑیاں چوری اور چھیننے والے ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل کی خصوصی ٹیمیں تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

اس بات کا فیصلہ ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن کی زیر صدارت کراچی پولیس آفس میں منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں ڈی آئی جی ایڈمن یوسف زئی، ڈی آئی جی کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (سی آئی اے) عارف نیف ، ڈی آئی جی جنوبی جاوید اکبر ریاض، ڈی آئی جی غربی عاصم قائم خانی، تمام ڈسٹرکٹ ایس ایس پی، ایس ایس پی اینٹی وائلنٹ کرائم سیل، ایس ایس پی اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل اور ایس پی انویسٹی گیشنز شریک تھے۔

پولیس ترجمان کے مطابق شہر کے داخلی و خارجی راساتوں پر اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل کی خصوصی ٹیمیں تعینات کی جائیں گی جس کا مقصد بین الصوبائی کار اور موٹر سائیکل لفٹرز کی گرفتاری اور چوری و چھینی گئی موٹر سائیکلوں کی شہر سے باہر ترسیل روکنا ہے۔

اجلاس میں اسٹریٹ کرائم اور شہر میں منشیات کی روک تھام سمیت دیگر اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا، ڈسٹرکٹ ایس ایس پیز نے تفصیلی بریفنگ بھی دی۔ کراچی پولیس کے سربراہ غلام نبی میمن نے ڈسٹرکٹ ایس ایس پیز کو اسٹریٹ کرائم پر قابو پانے کے لیے پیشہ ور اور عادی ملزمان کے خلاف موثر کارروائیوں کا حکم بھی دیا۔

انھوں ںے مزید کہا کہ حساس مقامات سمیت دیگر عوامی مقامات پر جہاں سی سی ٹی وی کیمرے نصب نہیں ان مقامات پر متعلقہ منتظمین کے ذریعے کیمروں کی تنصیب جلد از جلد یقینی بنائی جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔