انگور کھائیں اور جلد کو جھلسنے سے بچائیں

ویب ڈیسک  ہفتہ 6 فروری 2021
انگوروں کے باقاعدہ استعمال سے دھوپ سے جھلسنے اور ڈی این اے متاثر ہونے کے عمل کو بہت حد تک کم کیا جاسکتا ہے۔ فوٹو: فائل

انگوروں کے باقاعدہ استعمال سے دھوپ سے جھلسنے اور ڈی این اے متاثر ہونے کے عمل کو بہت حد تک کم کیا جاسکتا ہے۔ فوٹو: فائل

 واشنگٹن: انگوروں میں قدرتی طور پر جلد کو جھلسنے سےبچانے اور جلد کے سرطان کو دور رکھنے والے کیمکل پائے جاتےہیں۔ اس بات کا انکشاف ایک سروے کے بعد ہوا ہے جس کی تفصیل جرنل آف امریکن ڈرماٹولوجی میں شائع ہوئی ہے۔

اس ضمن میں انسانوں میں دیکھا گیا ہے کہ اگر انگوروں کی مناسب مقدار کا استعمال جاری رکھا جائے تو دھوپ میں موجود بالائے بنفشی (الٹراوائلٹ) شعاعوں سے جھلسنے کا عمل کم ہوجاتا ہے اور خلوی سطح پر اس کے نقصانات بھی کم ہوسکتےہیں۔ خیال ہے کہ انگوروں میں قیمتی قدرتی مرکبات پولی فینولز اس کی وجہ ہیں۔

اس ضمن میں یونیورسٹی آف البامہ کے ماہر کریگ ایلمٹس نے 14 روز تک ڈھائی کپ انگوروں کا پاؤڈر مختلف رضاکاروں کو کھلایا۔ یہ لوگ دھوپ میں کام کاج کے عادی تھےاور اس دوران ان کے چہرے پر بالائے بنفشی (الٹراوائلٹ) شعاعوں کے نقصان کا جائزہ لیا جاتا رہا۔ اسی طرح جلد کی ان شعاعوں کے خلاف مزاحمت کو بھی نوٹ کیا گیا۔ جلد کی طبی اصطلاح میں یہ عمل جلد کی سرخی کو ظاہر کرتا ہے۔

مطالعہ ختم ہونے کے دوہفتے بعد تمام شرکا کے جلد کی بایوپسی کی گئی اور اس پر غور کیا گیا۔ معلوم ہوا کہ جن افراد نے انگوروں کا سفوف استعمال کیا تھا دیگر کے مقابلے میں ڈی این اے کی سطح پر ان میں جھلسن اور ڈی این اے کی ٹوٹ پھوٹ بہت کم دیکھی گئی۔ اسی طرح حیرت انگیز طور پر جلد کے خلیات مردہ ہونے کی شرح کم تھی اور جلن کی وجہ بننے والے بایومارکر بھی بڑھنے نہ پائے۔

اس طرح کہا جاسکتا ہے کہ انگور نہایت بنیادی سطح پر جلد کو دھوپ کے نقصان سے بچاتے ہیں اور یہ ایک جادوئی اثر ہے۔ اسی طرح کہا جاسکتا ہے کہ انگوروں کا استعمال جلد کے کینسر کو روکنے میں بھی مددگار ثابت ہوسکتا ہے کیونکہ جلد پر دھوپ پڑنے سے ہی جو نقصان ہوتا ہے اس سے کینسر کی بنیاد پڑجاتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔