چین میں ایک اور کورونا ویکسین کی منظوری دیدی گئی

ویب ڈیسک  ہفتہ 6 فروری 2021
اس قبل سائنوفارم کی کورونا ویکسین کی بھی منظوری دی جاچکی ہے، فوٹو: فائل

اس قبل سائنوفارم کی کورونا ویکسین کی بھی منظوری دی جاچکی ہے، فوٹو: فائل

بیجنگ: چین میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ايک اور ويکسين کی عوامی سطح پر استعمال کی منظوری دے دی گئی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کی میڈیکل ریگولیٹری اتھارٹی نے مقامی کمپنی ’سائنو ويک لائف سائنس‘ کی تیار کردہ کورونا ویکسین ’’کورونا ویک‘‘ کی بھی عوامی سطح پر استعمال کی منظوری دیدی ہے۔ اس سے قبل کورونا ویک کے صرف ہنگامی استعمال کی اجازت تھی۔

کورونا ویک کے ٹرائل انڈونیشیا، ترکی، برازیل، چلی، کولمبیا، یوراگوئے اور لاؤس میں ہوئے جو آخری مراحل میں ہیں اور امید افزا نتائج سامنے آئے ہیں جس کے بعد ان ممالک نے بھی ویکسین کے ہنگامی استعمال کی اجازت دے دی ہے۔

سائنو ویک کی کورونا ویکسین کی چین میں ٹرائل کے دو مرحلوں کے نتائج سے ثابت ہوتا ہے کہ یہ ویکسین 60 سال کی عمر تک کے افراد کے لئے محفوظ طریقے سے مدافعتی ردعمل کو جنم دے دیتی ہے جب کہ 3 سے 17 سال کی عمر کے افراد کے ٹرائل جاری ہیں تاہم 60 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں میں تحفظ کی شرح کے لیے اعداد و شمار “محدود” تھے۔

برازیل میں ہونے والے ٹرائل میں سائنو ویک کی کورونا ویکسین 50 فیصد سے زیادہ مؤثر رہی جب کہ ترکی میں ہونے والے نتائج میں یہ 90 فیصد کارگر ثابت ہوئی۔ بیجنگ میں قائم سائنو ویک لائف سائنسز کے یونٹ نے فروری کے بعد سے ہر سال 1 ارب سے زیادہ خوراکیں تیار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل یہ چین میں سینو فارم کی دو ویکسین کی اجازت دی جاچکی ہیں اور مسلح افواج کو ’’کینسینو بائیولوجکس‘‘ کی کورونا ویکسین لگائی جاچکی ہے مجموعی طور پر چین میں 3 لاکھ ایک ہزار افراد کو ویکسین لگائی جاچکی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔