بھارتی کسانوں نے بوبی دیول کو شُوٹنگ کرنے سے روک دیا

ویب ڈیسک  اتوار 7 فروری 2021
پنجاب سے تعلق ہونے کے باوجود دیول فیملی نہ ہی ان کے ساتھ کھڑی ہوئی اور نہ ہی انہیں سپورٹ کیا۔  فوٹوفائل

پنجاب سے تعلق ہونے کے باوجود دیول فیملی نہ ہی ان کے ساتھ کھڑی ہوئی اور نہ ہی انہیں سپورٹ کیا۔ فوٹوفائل

چندی گڑھ: بھارت میں احتجاجی کسانوں نے اداکار بوبی دیول کی پنجاب میں شوٹنگ رکوادی۔

اداکار بوبی دیول کی آنے والی فلم’’لو ہوسٹل‘‘ کی ٹیم پنجاب کے ضلع پٹیالہ میں شوٹنگ کے لیے پہنچی۔ تاہم حکومت کے نئے ذرعی قوانین کے خلاف احتجاج کرنے والے کسانوں کے ایک گروپ نے فلم کی شوٹنگ رکوادی۔

کسانوں کا کہنا ہے کہ ہم پنجاب میں بوبی دیول کی فلم کی شوٹنگ کی اجازت نہیں دیں گے۔ کیونکہ بوبی دیول یا ان کی فیملی کے کسی بھی فرد نے کسانوں کے حق میں ایک لفظ بھی نہیں بولا۔ کسانوں نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب سے تعلق ہونے کے باوجود دیول فیملی نہ ہی ان کے ساتھ کھڑی ہوئی اور نہ ہی انہیں سپورٹ کیا۔

یہاں یہ بات قابل غور ہے کہ بوبی دیول کی فیملی کے بھارتی حکومت بی جے پی کے ساتھ گہرے تعلقات ہیں۔ ان کے بڑے بھائی اور اداکار سنی دیول بی جے پی کے ممبر اور گورداس پور سے پارلیمنٹ کے ممبرہیں۔ جب کہ ان کی ان کی سوتیلی والدہ ہیما مالنی متھورا سے بی جے پی کی رکن پارلیمنٹ ہیں۔

یہ واقعہ جمعہ کے روز پیش آیا جب ضلع پٹیالہ کے علاقے دیوی گڑھ کے قریب میہون گاؤں کے ایک گھر میں فلم کی شوٹنگ ہورہی تھی۔ پٹیالہ پولیس اسٹیشن کے انسپیکٹر ہرمن پریت سنگھ نے بتایاکہ ڈیڑھ سو سے دو سو کے قریب کسانوں کا ایک گروپ شوٹنگ کی جگہ پر پہنچا اور شوٹنگ روک دی۔ تاہم جس وقت یہ واقعہ پیش آیا بوبی دیول وہاں موجود نہیں تھے۔

واضح رہے کہ فلم’’لوہوسٹل‘‘ ایک کرائم تھرلر فلم ہے۔ فلم میں بوبی دیول کے علاوہ وکرانت میسی اور سونیا ملہوترا اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔