امیتابھ بچن کی نئی فلم کی 46 سال پرانے مقام پر دوبارہ شوٹنگ

ویب ڈیسک  پير 8 فروری 2021
یہ وہی مقام ہے جہاں  فلم ’’دیوار‘‘ میں پولیس آفیسر روی نے اپنے ہی بھائی وجے کو فائرنگ کرکے مار دیا تھا، امیتابھ (فوٹو: فائل)

یہ وہی مقام ہے جہاں فلم ’’دیوار‘‘ میں پولیس آفیسر روی نے اپنے ہی بھائی وجے کو فائرنگ کرکے مار دیا تھا، امیتابھ (فوٹو: فائل)

 ممبئی: بالی ووڈ لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن کی آنے والی فلم کی شوٹنگ اسی مقام پر کی جارہی ہے جہاں 46 سال قبل ان کی فلم ’’دیوار‘‘ فلمائی گئی تھی۔

امیتابھ بچن نے انسٹا گرام پر اپنی تصویر شیئر کی جہاں وہ ایک بلڈنگ کے قریب کھڑے ںظر آرہے ہیں۔ تصویر کے کیپشن میں امیتابھ نے اس بلڈنگ سے متعلق بتایا کہ میں یہاں کھڑے ہو کر ماضی میں جھانک رہا ہوں، آپ اس عمارت میں بنی ہوئی محراب کو ملاحظہ کر سکتے ہیں، یہ وہی مقام ہے جہاں فلم ’’ دیوار ‘‘ میں پولیس آفیسر (ششی کپور) نے اپنے بھائی وجے کو فائرنگ کرکے مار دیا تھا۔

امیتابھ نے یہ بھی کہا کہ آج میں ٹھیک اسی مقام پر فلم ’’مے ڈے ‘‘ کی شوٹنگ کر رہا ہوں جہاں 46 سال قبل فلم ’’ دیوار‘‘ کی شوٹنگ کی گئی تھی۔ وہ فلم 1975ء میں فلمائی گئی اور یہ فلم آج 2021ء میں فلمائی جا رہی ہے۔

لیجنڈ اداکار نے یہ بھی کہا کہ یہ وہی مقام اور وہی کوریڈور ہے جہاں نہ صرف فلم ’’دیوار‘‘ بلکہ میری بہت سی فلموں کی عکس بندی کی جا چکی ہے اور آج بھی میں اپنی نئی فلم کے لیے اسی مقام پر موجود ہوں۔

یاد رہے کہ امیتابھ بچن کے فلمی کیریئر میں سپرہٹ فلموں کی فہرست میں ایک فلم ’’دیوار‘‘ بھی شامل ہے جوکہ منفرد کہانی کی وجہ سے آج بھی لوگوں کے ذہنوں میں تازہ ہے، فلم میں امیتابھ بچن جرائم کی دنیا میں داخل ہو جاتے ہیں جب کہ اُن کا چھوٹا بھائی وجے ایک دیانت دار پولیس آفیسر کا کردار ادا کرتا ہے، فلم کے اختتام پر امیتابھ بچن اپنے ہی بھائی کے ہاتھوں مارے جاتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔