سندھ بھر میں چنگ چی رکشا کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

 پير 8 فروری 2021
محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ نے 6 سے 9 سیٹر چنگ چی رکشا کے خلاف کارروائی کے لیے پولیس کو خط لکھ دیا۔ فوٹو:فائل

محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ نے 6 سے 9 سیٹر چنگ چی رکشا کے خلاف کارروائی کے لیے پولیس کو خط لکھ دیا۔ فوٹو:فائل

کراچی (اسٹاف رپورٹر) محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ نے صوبے میں 6 سے 9 سیٹر چنگ چی رکشا کے خلاف کارروائی کے لیے پولیس کو خط لکھ دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق  خط میں کہا گیا ہے کہ صوبے میں 6 سے 9 سیٹر چنگ چی رکشا بنا روٹ پرمٹ، فٹنس سرٹیفکیٹس اور کاغذات کے بغیر چلائے جارہے ہیں جو ٹرانسپورٹ کے قوانین کی خلاف ورزی ہے، اس سے قبل بھی 6 سے 9 سیٹر چنگ چی رکشا کے خلاف کارروائی کے لیے ٹریفک پولیس اور ضلعی پولیس کو خط لکھا جاچکا ہے تاہم کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔

محکمہ ٹرانسپورٹ کے خط میں مزید کہا گیا ہے کہ 6 سے 9 سیٹر چنگ چی رکشا کے خلاف محکمہ کو کئی شکایات موصول ہوئی ہیں، ایسے چنگچی رکشوں کی وجہ سے ٹریفک کی روانی میں خلل پڑ رہا ہے، رکشا کی فٹنس نہ ہونے اور کم عمر بچوں کے حادثات سمیت دیگر شکایات موصول ہوئی ہیں اس لیے ان کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے۔

محکمہ ٹرانسپورٹ نے ڈی آئی جی ٹریفک پولیس، صوبے کے تمام ایس ایس پیز اور ریجنل سیکریٹریز ٹرانسپورٹ کو خطوط ارسال کیے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔