میانمار کے مسئلے پر امریکی صدر کا بھارتی وزیراعظم کو فون

ویب ڈیسک  منگل 9 فروری 2021
امریکی صدر نے عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی بار بھارتی وزیراعظم کو فون کیا، فوٹو : فائل

امریکی صدر نے عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی بار بھارتی وزیراعظم کو فون کیا، فوٹو : فائل

واشنگٹن / نئی دہلی: امریکا کے نئے صدر جو بائیڈن نے عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی بار بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی سے ٹیلی فونک بات چیت کی جس میں دونوں رہنماؤں نے علاقائی تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر اور بھارتی وزیراعظم کے درمیان ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو میں کورونا وائرس، ماحولیاتی تبدیلی، معیشت اور میانمار میں فوجی بغاوت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وائٹ ہاؤس سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے عالمی دہشت گردی کا مل کر مقابلہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا جب کہ  آزاد اور وسیع علاقائی تعاون کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

یہ خبر پڑھیں : نیوزی لینڈ کا میانمار سے تعلقات منقطع اور فوجی قیادت پر سفری پابندی کا اعلان 

دونوں رہنماؤں نے ایک مضبوط اتحاد کے ذریعے علاقائی سالمیت اور پانیوں ٘میں آزادانہ نقل و حمل کو یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات اُٹھانے کا فیصلہ بھی کیا۔

اس موقع پر صدر جوبائیڈن نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بنیاد جمہوری اقدار کے ساتھ وابستہ ہے جب کہ دونوں رہنماؤں نے میانمار  میں جمہوری عمل اور قانون کی حکمرانی کی حمایت کا فیصلہ بھی کیا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔