ایک دوسرے سے بچھڑے ماں اور بیٹے 73 سال بعد مل گئے، ویڈیو وائرل

ویب ڈیسک  منگل 9 فروری 2021
ماں اور بیٹے کی جذباتی ملاقات نے ہر آنکھ کو اشک بار کردیا، فوٹو : ویڈیو گریب

ماں اور بیٹے کی جذباتی ملاقات نے ہر آنکھ کو اشک بار کردیا، فوٹو : ویڈیو گریب

الجزائر سٹی: افریقی ملک الجزائر میں ایک دوسرے سے بچھڑے ہوئے ماں اور بیٹے کی بالآخر 73 سال بعد ملاقات ہوگئی اور جذباتیت سے بھرے ان لمحات کی ویڈیو سوشل ویڈیو پر وائرل ہوگئی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق الجزائر سے تعلق رکھنے والے 73 سالہ بیٹے عبدالرحمان کی اپنی ماں کی تلاش کے لیے دہائیوں کی محنت رنگ لے آئی اور 93 سالہ ماں کو فرانس کے ایک اولڈ ہوم میں ڈھونڈ نکالا۔

یمینہ نامی خاتون نے اپنے شوہر کی مارپیٹ اور بدسلوکی سے تنگ آکر دو ماہ کے بیٹے کو دادی کے حوالے کرکے گھر چھوڑ دیا تھا جس کے بعد سے ماں اور بیٹے کے درمیان کوئی ملاقات نہیں ہوئی تھی۔

عبدالرحمان جب 14 سال کے ہوئے تو دادی نے باپ کے ظلم اور ماں کے چھوڑ جانے سے متعلق تفصیل بتائی جس پر انہوں نے ماں کی تلاش شروع کردی۔ وہ اپنی ایک خالہ سے بھی ملے لیکن ان سے بھی کچھ پتہ نہیں چل سکا۔

ماں کی محبت کا متلاشی 14 سالہ لڑکا ماں کو ڈھونڈتے ڈھونڈتے 73 سال کی عمر تک پہنچ گیا لیکن ماں کا پتہ نہیں چل سکا۔ ایک روز عبدالرحمان پتہ چلا کہ ماں فرانس کے اولڈ ہوم میں موجود ہیں۔ وہ خود اس وقت بیلجیئم میں تھے جہاں سے وہ فرانس پہنچے اور اپنی ماں سے ملے۔

93 سالہ ماں یمینہ فالج کا شکار ہوکر ذہنی طور پر مفلوج ہیں لیکن بیٹے کو دیکھ کر وہ کِھل اُٹھیں۔ ماں بیٹے کی 73 سال بعد ملاقات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔