پروٹیز کپتان نے ’’بی ٹیم‘‘ کا تاثر مسترد کردیا

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 10 فروری 2021
نوجوان کرکٹرز کو صلاحیتیں منوانے کا موقع مل گیا،فتح کیلیے پْرعزم ہیں،کلاسن۔ فوٹو: فائل

نوجوان کرکٹرز کو صلاحیتیں منوانے کا موقع مل گیا،فتح کیلیے پْرعزم ہیں،کلاسن۔ فوٹو: فائل

 لاہور: پروٹیز کپتان ہینری کلاسن نے ’’بی ٹیم‘‘کا تاثر مسترد کردیا،ان کا کہنا ہے کہ ہم سب ملک کی نمائندگی کیلیے منتخب ہوئے ہیں جب کہ ٹی 20سیریز جیتنے کیلیے پْرعزم ہیں۔

پاکستان سے ٹیسٹ سیریز ختم ہونے کے بعد کوائنٹن ڈی کک، راسی وان ڈر ڈوسین،کاگیسو ربادا، لونگی نگیڈی اور اینرچ نورکیا جیسے ٹاپ اسٹارز جنوبی افریقہ واپس روانہ ہوچکے،اس کے باوجود نوآموز کپتان ہینری کلاسن نے  ٹی 20سیریز کیلیے منتخب ٹیم کو ’’بی‘‘ کیٹیگری کی قرار دینے کا تاثر مسترد کردیا ہے۔

ورچوئل پریس کانفرنس میں انھوں نے کہا کہ چند کھلاڑی اسکواڈ کا حصہ نہیں، کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال میں ان کو آرام کا موقع دینا بھی ضروری ہے لیکن اس کا قطعی طور پر یہ مطلب نہیں کہ دوسرے درجے کی ٹیم میدان میں اترے گی،ٹاپ اسٹارز کی عدم موجودگی میں یہ نوجوان کرکٹرز کے لیے صلاحیتیں منوانے کا بہترین موقع ہے،ان میں سے بیشتر گذشتہ 2 سال میں مختلف پلیٹ فارمز پر اچھی کرکٹ کھیلتے آئے ہیں،ہم سب اپنے ملک کی نمائندگی کررہے ہیں، صلاحیتوں کا بہترین استعمال کرتے ہوئے سیریز جیتنے کی پوری کوشش کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ لاہور میں اچھی تیاری کرنے کی کوشش کی ہے، سینئر بیٹسمین ڈیوڈ ملر نوجوان کرکٹرز کی رہنمائی کررہے ہیں، اس سے ان کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے، حالیہ سیزن میں صرف 4میچز کھیل پانے پر خاصی مایوسی ہوئی،اب ٹریننگ سے مختلف کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے میں مدد ملی ہے،ہم  میزبان ٹیم کا مقابلہ کرنے کیلیے تیار ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔