ٹی 20 سیریز؛ اوس کے پیش نظر خصوصی تیاریاں ہونے لگیں

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 10 فروری 2021
جنوبی افریقہ سے میچزمیں بابراعظم کے ساتھ اوپننگ کیلیے تیار ہوں،حیدرعلی۔ فوٹو: فائل

جنوبی افریقہ سے میچزمیں بابراعظم کے ساتھ اوپننگ کیلیے تیار ہوں،حیدرعلی۔ فوٹو: فائل

 لاہور:  ٹی ٹوئنٹی سیریز میں اوس کے پیش نظر خصوصی تیاریاں ہونے لگیں۔

ورچوئل پریس کانفرنس میں عثمان قادر نے کہاکہ قذافی اسٹیڈیم میں اچھی پریکٹس کا موقع ملا ہے، میں نے ثقلین مشتاق اور محمد یوسف کی کوچنگ میں اپنی صلاحیتیں نکھارنے پر کام کیا،لاہور میں اوس بھی کھیل پر اثر انداز ہوسکتی ہے، اس کنڈیشنز میں بہتر کارکردگی کیلیے بھی سابق آف اسپنر نے رہنمائی کی ہے کہ اگر اوس ہوئی تو گیند کو کس طرح گرپ کرنا ہے، اگر کھیلنے کا موقع ملا تو زیادہ سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کی کوشش کروں گا۔

انھوں نے کہا کہ ورائٹی ہر لیگ اسپنر کے پاس ہوتی ہے،میں نے اپنے والد عبدالقادر سے جوکچھ سیکھا اس ہنر کو میدان میں بروئے کار لاؤں گا،ہم اچھی کرکٹ کھیل کر حریف کو دباؤ میں لانے کی کوشش کریں گے،جارح مزاج ڈیوڈ ملر کی وکٹ حاصل کرنا چاہوں گا۔

ایک سوال پر عثمان قادر نے کہا کہ زاہد محمود اچھے بولر اور ڈومیسٹک کرکٹ میں پرفارم کرکے قومی ٹیم میں آئے ہیں، ان کے اسکواڈ میں ہونے سے مجھ پر کوئی دباؤ نہیں، جس کو موقع ملا وہ پرفارم کرنے کی کوشش کرے گا، میں بطور آل راؤنڈر پہچان بنانے کیلیے بیٹنگ پر توجہ دے رہا ہوں۔

نوجوان بیٹسمین حیدر علی نے کہا کہ محمد یوسف کی رہنمائی سے مجھے سیکھنے کا موقع ملا، اسٹروک سلیکشن اور ٹمپرامنٹ بھی بہتر میں مدد ملی، سابق اسٹار نے بتایا کہ اگر چند ڈاٹ بال بھی ہوجائیں تو پریشر نہ لیں، کریز پر رکتے ہوئے اچھے اسٹروکس سے رن ریٹ بہتر رکھنے کی کوشش کریں۔

انھوں نے کہا کہ ہوم کنڈیشنز کا اچھا اندازہ ہوتا ہے، اس لیے بہتر کارکردگی دکھانے میں مدد ملے گی،بابر اعظم کے ساتھ اوپننگ کا موقع ملا تو بھی تیار ہوں، ٹیم کی ضرورت کے مطابق کسی بھی نمبر پر بیٹنگ کا چیلنج قبول کروں گا، پرستاروں کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش ہوگی۔

حیدر علی نے کہا کہ ٹیسٹ کے بعد ٹی ٹوئنٹی میں بھی کلین سوئپ پر ٹیم کی نگاہیں مرکوز ہیں، ہر پلیئر کی طرح میرا بھی خواب ہے کہ فتوحات میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے مین آف دی سیریز کا ایوارڈ حاصل کروں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔