بھانجے نے چند ہزار روپوں کی خاطر خالہ کو قتل کردیا

اسٹاف رپورٹر  بدھ 10 فروری 2021
 تفتش کے دوران شک کی بنا پر مقتولہ  کے سگے بھانجے سے پوچھ گچھ کی تو وہ تسلی بخش جواب نہیں دے سکا۔(فوٹو، فائل)

تفتش کے دوران شک کی بنا پر مقتولہ کے سگے بھانجے سے پوچھ گچھ کی تو وہ تسلی بخش جواب نہیں دے سکا۔(فوٹو، فائل)

 کراچی: انویسٹی گیشن پولیس نے لیاری میں ضعیف العمر خاتون کے قتل کا معما حل کرتے ہوئے مقتولہ کے سگے بھانجے کو گرفتار کرلیا۔

اس حوالے سے ڈی ایس پی عرفان احمد نے بتایا کہ رواں ماہ 4 فروری کو لیاری کے علاقے داتا سینٹر بہار کالونی گلی نمبر ایک میں گھر سے 60 سالہ رخسانہ کی لاش ملی تھی جسے گلا دبا کر قتل کیا گیا تھا۔

انہوں ںے بتایا کہ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تفتش شروع کی اور اس دوران شک کی بنا پر مقتولہ رخسانہ کے سگے بھانجے فرحان سے پوچھ گچھ کی تو وہ تسلی بخش جواب نہیں دے سکا۔

بعدازاں فرحان نے  اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے پولیس کو بیان دیا کہ اس نے پیسوں کی لالچ میں آکر اپنی خالہ کے گھر میں داخل ہوا اور الماری کا تالا توڑ رہا تھا کہ میری خالہ ( مقتولہ رخسانہ) نے شور کرنا شروع  کر دیا جس پر میں نے مبینہ طور پر اسے گلہ دبا کر قتل کر دیا اور نقدی لیکر فرار ہوگیا۔

عرفان احمد نے بتایا کہ پولیس نے ملزم کے قبضے سے لوٹی گئی نقدی 70 ہزار روپے ، الماری کا تالا توڑنے کے آلات اور دیگر سامان برآمد کرلیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔