ہتھیاروں کی دکان میں نقب زنی، 6 پستول اور 3 لاکھ روپے چوری

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 11 فروری 2021
چوری کا مقدمہ دکان مالک کی مدعیت میں درج،کلفٹن پولیس نے کرائم سین انویسٹی گیشن ٹیم طلب کرکے شواہد جمع کرلیے۔ فوٹو: فائل

چوری کا مقدمہ دکان مالک کی مدعیت میں درج،کلفٹن پولیس نے کرائم سین انویسٹی گیشن ٹیم طلب کرکے شواہد جمع کرلیے۔ فوٹو: فائل

 کراچی: شہرکے پوش علاقے ڈیفنس زم زمہ اسٹریٹ پر ہتھیاروں کی دکان میں نقب زنی کے دوران چور6 نائن ایم ایم پستول،3 لاکھ روپے نقد اور سامان چراکر فرار ہوگئے، پولیس نے چوری کی واردات کا مقدمہ دکان مالک کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کیخلاف درج کرلیا۔

کلفٹن تھانے کی حدود ڈیفنس زم زمہ اسٹریٹ پر ہتھیاروں کی دکان میں نقب زنی کی واردات میں چور 6 نائن ایم ایم پستول،3 لاکھ روپے نقد اور قیمتی سامان چراکر فرارہوگئے، واردات کی اطلاع پر کلفٹن پولیس نے کرائم سین انویسٹی گیشن ٹیم طلب کرکے شواہد جمع کرلیے۔

ایس ایچ او تھانہ کلفٹن پیر شبیر حیدر نے بتایا کہ جس ہتھیاروں کی دکان میں نقب زنی ہوئی وہ دکان ہتھیاروں کی مرمت کی دکان ہے اور واردات منگل اور بدھ کی درمیانی شب ہوئی چوروں نے پہلے دکان کے عقبی دروازے کے تالے توڑے اور پھر دکان میں داخل ہوکر 6 نائن ایم ایم پستول، 3 لاکھ روپے نقد اور قیمتی چراکر لے گئے۔

دکان قائد آباد کے رہائشی عدنان کی ملکیت ہے پولیس نے جائے واردات سے تمام شواہد جمع کر لیے ہیں پولیس جائے وقوع کے قریب سے کیمروں کی فوٹیج حاصل کررہی ہے دکان مالک عدنان کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی گئی ہے سی سی ٹی وی فوٹیج ملنے پر چوروں کی تعداد کا علم ہوسکے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔