پنجاب میں مزید 2 انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالتیں ختم

ویب ڈیسک / قیصر شیرازی  جمعرات 11 فروری 2021
گزشتہ سال دہشت گردی لہرمیں کمی کے باعث 6 انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالتیں ختم کی تھیں: فوٹو: فائل

گزشتہ سال دہشت گردی لہرمیں کمی کے باعث 6 انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالتیں ختم کی تھیں: فوٹو: فائل

 لاہور: گزشتہ 6 ماہ سے دہشت گردی کی وارداتوں میں ریکارڈ کمی ہونے سے مذید 2 عدالتیں ختم کرنے کی منظوری دے دی گئی۔

ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے صوبہ بھرمیں دہشت گردی کی لہرمیں مسلسل کمی کے باعث مذید 2 انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالتیں باضابطہ ختم کردی ہیں جس کا ہوم ڈیپارٹمنٹ نے باقاعدہ نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا ہے۔

اب پنجاب میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالتیں کم ہوکر 9 رہ گئی ہے، پنجاب بھر میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالتوں کے نگران جج کی زیرصدارت اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کے پنجاب کے ہر ڈویژن میں ایک ایک انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کی ہوگی اس وقت لاہورمیں انسداد دہشت گردی کی 2 عدالتیں جبکہ پنجاب کے دیگر ڈویژنوں راولپنڈی، گوجرانوالہ، فیصل آباد، بہاول پور، ملتان، ساہی وال، سرگودھا اور ڈیرہ غازی خان میں ایک ایک عدالت رہ گئی ہے۔

تیسرے فیز میں لاہور سے بھی ایک عدالت ختم کی جائے گی، راولپندی کی خصوصی عدالتوں میں اس وقت صرف 14 کیس تھے ختم کی گئی عدالت نمبر 2 کے بقیہ صرف 4 کیس سماعت کے لئے عدالت نمبر ون میں ٹرانسفر کئے جارہے ہیں جبکہ مذکورہ عدالت کے جج راجہ پرویز اختر کو احتساب کی نئی عدالت کا جج مقرر کئے جانے کا امکان ہے ختم کی جانے والی عدالتوں کے عملہ کی خدمات فوری ہوم ڈیپارٹمنٹ کے سپرد کر دی گئی ہیں ان عدالتی اہلکاروں کو بھی نئی احتساب عدالتوں میں تعینات کئے جانے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال دہشت گردی لہرمیں کمی کے باعث 6 انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالتیں ختم کی تھیں پنجاب میں انسداد دہشت گردی کی مجموعی خصوصی عدالتیں 17 تھیں گزشتہ برس 6 عدالتیں ختم کرنے سے یہ عدالتیں کمی کے ساتھ 11 رہ گئی تھیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔