روبی میگابائٹ: بوسنیا کا پہلا موسیقار روبوٹ

ویب ڈیسک  جمعرات 11 فروری 2021
یہ روبوٹ ایک ویڈیو کےلیے خاص طور پر بنوایا گیا تھا، جو آج اس بینڈ کا باقاعدہ رکن ہے۔ (فوٹو: یوٹیوب اسکرین گریب)

یہ روبوٹ ایک ویڈیو کےلیے خاص طور پر بنوایا گیا تھا، جو آج اس بینڈ کا باقاعدہ رکن ہے۔ (فوٹو: یوٹیوب اسکرین گریب)

سرائیوو: بوسنیا ہرزیگووینا کے مشہور راک بینڈ ’دوبیوزا کولیکتیو‘ میں ایک نیا موسیقار ’روبی میگابائٹ‘ شامل ہوا ہے جو دراصل ایک انسان نما روبوٹ ہے۔

یہ روبوٹ اس بینڈ کی خصوصی فرمائش پر گزشتہ سال سرائیوو یونیورسٹی میں الیکٹریکل انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے طالب علموں نے تیار کیا ہے۔

مصنوعی ذہانت کا استعمال کرتے ہوئے ’روبی میگابائٹ‘ میں وہ ساری عادتیں اور خصلتیں شامل کی گئی ہیں جو کسی راک بینڈ کے ’انسان‘ ممبر میں ہوسکتی ہیں۔

اسے کھانے پینے اور شور مچانے کے علاوہ موسیقی بھی بہت پسند ہے جبکہ ’دوبیوزا‘ میں بیس گٹار بجاتا ہے۔

’دوبیوزا‘ گروپ نے پچھلے سال اسے اپنے البم ’فیک نیوز‘ کےلیے ڈیزائن کروایا تھا لیکن البم ریلیز ہونے کے بعد بھی اسے اپنے گروپ میں شامل رکھا۔

البم کے ایک گانے ’’ٹیک مائی جاب‘‘ میں اس روبوٹ کے پورے تعارف کے علاوہ یہ بھی دکھایا گیا ہے کہ کس طرح روبوٹس نے پورے بینڈ کی جگہ لے کر ان سب کو اسٹوڈیو سے نکال باہر کیا۔

اس ویڈیو کا بنیادی مقصد یہ بتانا تھا کہ کس طرح مشینیں آہستہ آہستہ وہ سارے کام کرنے لگیں گی جو انسان کرتے ہیں۔

البتہ ’روبی میگابائٹ‘ اس بینڈ کو اتنا پسند آیا کہ انہوں نے اسے باقاعدہ اپنے بینڈ کا ممبر بنالیا اور یہ ان کی ہفت روزہ آن لائن ویڈیو سیریز ’’کورنٹائن شو‘‘ میں دکھائی دینے لگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔