خشک میوہ جات کی آڑ میں 4 کروڑ روپے کی منشیات بحرین بھیجنے کی کوشش ناکام

احتشام مفتی  جمعرات 11 فروری 2021
14 ٹن پیک پر مشتمل پارسل کراچی کے رہائشی محمد علی نامی شخص نے بک کرایاجسے گرفتار کرلیا گیا، ڈپٹی کلکٹر کسٹم (فوٹو : فائل)

14 ٹن پیک پر مشتمل پارسل کراچی کے رہائشی محمد علی نامی شخص نے بک کرایاجسے گرفتار کرلیا گیا، ڈپٹی کلکٹر کسٹم (فوٹو : فائل)

 کراچی: کسٹم نے خشک میوہ جات کے پارسل کی آڑ میں 4 کروڑ 10 لاکھ روپے مالیت کی منشیات بحرین بھیجنے کی کوشش ناکام بنادی۔

ایکسپریس کے مطابق پاکستان کسٹمز جناح ائیرپورٹ نے پاکستان پوسٹ ایکسپریس میل سروس ایکسپورٹ شارع فیصل پر ایک کامیاب کارروائی میں پاکستان سے خشک میوہ جات پارسل کی آڑ میں منشیات بھیجنے کی کوشش ناکام بنادی۔

ڈپٹی کلکٹر کسٹمز انعام وزیر نے ایکسپریس کو بتایا کہ پاکستان سے بذریعہ پارسل 14 سیل شدہ ٹن پیک کے ذریعے ایمیٹامائن کرسٹل بحرین بھیجی جارہی تھی، 14 سیل شدہ ٹن پیک میں برآمد شدہ ایمیٹامائن کرسٹل کا وزن 4.10 کلو گرام ہے جس کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت 4 کروڑ 10 لاکھ روپے ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 14 ٹن پیک پر مشتمل یہ پارسل کراچی کے رہائشی محمد علی نامی شخص نے بک کرایا تھا جسے گرفتار کرکے مجاز عدالت سے ریمانڈ بھی حاصل کرلیا گیا ہے۔

حکام نے کسٹمز/نارکوٹکس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔