خواہش ہے کہ اگلا پی ایس ایل کا ترانہ بھی نصیبو لعل ہی گائیں، حرامانی

ویب ڈیسک  جمعـء 12 فروری 2021
نصیبو لعل آپ پی ایس ایل کی رانی ہیں، حرا مانی فوٹوفائل

نصیبو لعل آپ پی ایس ایل کی رانی ہیں، حرا مانی فوٹوفائل

کراچی: اداکارہ حرا مانی نے نصیبو لعل کی آواز میں پی ایس ایل 6 کے ترانے کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ میری خواہش ہے اگلا پی ایس ایل کا ترانہ بھی نصیبو لعل ہی گائیں۔

پاکستان سپر لیگ کے چھٹے سیزن کا ترانہ ’’گروو میرا‘‘ جب سے ریلیز ہوا ہے اسی وقت سے گانے کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔ یہاں تک کہ اپنی ریلیز والے دن یہ ترانہ ٹوئٹر پر تقریباً پورا دن ٹاپ ٹرینڈ میں رہاتھا۔

لوگوں نے ترانے پر تنقید کرتے ہوئے ایک بار پھر اس بات پر اعتراض کیا ہے کہ اس بار کا ترانہ بھی علی ظفر کے بجائے دوسرے گلوکاروں نے کیوں گایا۔ جب کہ بہت سے لوگوں نے نصیبو لعل پر اعتراض کیا کہ ان کی آواز پی ایس ایل کے ترانے کے لیے موزوں نہیں۔

سوشل میڈیا پر حد سے زیادہ تنقید ہونے کے بعد فنکار نصیبو لعل کی حمایت میں میدان میں آئے ہیں۔ اداکار عدنان صدیقی اور فیصل قریشی نے نصیبو لعل کی سپورٹ میں ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا تھا کسی پر بھی تنقید کرنا اور کسی کی محنت کو ذراسی دیر میں ٹکڑے ٹکڑے کردینا بہت آسان ہے۔ ’’گروو میرا‘‘ اتنی زیادہ تنقید کامستحق نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فنکار برادری نصیبو لعل کی حمایت میں میدان میں آگئی

اور اب حرا مانی نے نصیبو لعل کی حمایت میں ایک لمبی چوڑی پوسٹ لکھی ہے۔ انسٹاگرام پر گلوکارہ نصیبو لعل کی تصویر شیئر کرتے ہوئے حرامانی نے لکھا واہ واہ کیا گانا گادیا یہ آواز یہ انداز اصل فنکار اصل ہی ہوتا ہے۔ مزے کی بات یہ ہے کہ 1980 سے یہ آواز لاکھوں دلوں کی دھڑکن ہے۔ انٹرنیٹ کا دور تو اب آیا ہے اور اس دور میں بھی چھکا ماردیا نصیبو کی آواز نے۔ اور سب سے بہترین بات یہ ہے کہ آج تک پی ایس ایل کا گانا اتنا ہٹ ہوا ہی نہیں جتنا یہ ہوا ہے۔

حرا مانی نے مزید لکھا میڈم ہم آپ کی عزت کرتے ہیں بس یہ ایلیٹ برگرز تنقید نگار انٹرنیٹ کے دور کے ہم جیسے کم فالوورز والے ان کو کیا پتہ کہ اصل فین فالووئنگ ہوتی کیا ہے۔ ہماری نصیبو کی کامیابی اور آواز جن سے ہضم نہیں ہورہی وہ تکیے میں منہ ڈالیں اور سوجائیں۔ میں شرط لگاسکتی ہوں کوئی اپنے خوابوں میں بھی اس پچ پہ نہیں گا سکتا۔

حرا مانی نے پی ایس ایل انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا میچ سے پہلے ہی چھکا مارگئی ہے ان کی آواز ماشااللہ۔ جس کا ہاتھ اللہ پکڑتا ہے اس کو زمانے کا کیا ڈر۔ اللہ آپ کو اور کامیابی دے۔ پی ایس ایل کی رانی ہیں آپ۔ اور اب پی ایس ایل کے آگے کے گانے بھی آپ ہی نے گانا ہے یہ آپ کی بہت بڑی مداح حرا مانی کی خواہش اور فرمائش ہے۔ ہمیں آپ پر فخر ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔