راحت فتح علی خان 14 فروری کو درجنوں ممالک میں اپنی آواز کا جادو جگائیں گے

ویب ڈیسک / قیصر افتخار  جمعـء 12 فروری 2021
استاد راحت فتح علی خان پاکستان کے پہلے فن کار ہیں جنہیں سب سے زیادہ یوٹیوب پر دیکھا گیا فوٹوفائل

استاد راحت فتح علی خان پاکستان کے پہلے فن کار ہیں جنہیں سب سے زیادہ یوٹیوب پر دیکھا گیا فوٹوفائل

لاہور: سروں کے سلطان استاد راحت فتح علی خان 14 فروری کو محبتوں کے عالمی دن پر تاریخ میں پہلی بار نیا تجربہ کرنے جارہے ہیں۔

راحت فتح علی خان لائیو اسٹریم کے ذریعے دنیا کے درجنوں ممالک میں اپنی آواز کا جادو جگائیں گے اور 14 فروری کو رات 8 بجے سے دو گھنٹے تک اپنے پیار بھرے گیتوں کی برسات کریں گے۔

استاد راحت فتح علی خان پاکستان کے پہلے فن کار ہیں جنہیں سب سے زیادہ یوٹیوب پر دیکھا گیا۔ان کا گایا ہوا گیت ’’ضروری تھا‘‘ کو یوٹیوب پر 100کروڑ سے زیادہ بار دیکھا اور پسند کیا گیا۔ آکسفورڈ یونیورسٹی سے موسیقی کے شعبے میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرنے والے عالمی شہرت یافتہ گائیک استاد راحت فتح علی خان کے گائے ہوئے زیادہ تر گیت رومانس اور محبتوں میں ڈوبے ہوئے ہوتے ہیں۔ ان کے گائے ہوئے رومینٹک گیتوں کو فلموں اور ٹیلی ویژن ڈراموں میں غیر معمولی شہرت حاصل ہوئی۔

استاد راحت فتح علی خان کا کہنا ہے کہ کورونا کے ساتھ جو زندگی گزر رہی ہے وہ بہت خطر ناک ہے۔ لاک ڈاؤن کے دوران سب سے زیادہ اپنے مداحوں اور پیار کرنے والوں کو یاد کیا اور سب کے لیے دعا کی اللہ تعالیٰ ان کو اپنی امان میں رکھے۔

بچپن سے استاد نصرت فتح علی خان نے مجھے سچی موسیقی کی تربیت دی ۔عاشقی سے خود کبھی نہیں گزرا۔ ساری زندگی موسیقی سے عشق کیا۔میری زندگی کا ایک ایک لمحہ محبت میں ڈوبا ہوا ہے۔ ویلنٹائن ڈے کے موقع پر امریکا کی درجنوں ریاستوں سمیت یورپ، متحدہ عرب امارات، سری لنکا بھارت، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، ساوتھ افریقا اور دیگر ممالک میں موجود میرے لاکھوں مداح لائیو اسٹریم کے ذریعے گھر بیٹھے رومینٹک گانے سن سکیں گے۔

انٹرنیشنل میوزک پروڈیوسر سلمان احمد نے بتایا کہ استاد راحت فتح علی خان دو گھنٹے تک مسلسل پرفارمنس دیں گے۔ پروگرام میں گھر بیٹھے شرکت کے لیے ہمارے سوشل میڈیا سے رابطے میں رہیں ۔امید ہے ہمارا یہ نیا تجربہ کورونا کی اداس کیفیت کو دور کرنے میں نمایاں کردار ادا کرے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔