بھارت میں آتش بازی کی فیکٹری میں زوردار دھماکا، 11 افراد ہلاک

ویب ڈیسک  جمعـء 12 فروری 2021
فیکٹری میں آتش زدگی سے 12 افراد زخمی بھی ہوئے، فوٹو : فائل

فیکٹری میں آتش زدگی سے 12 افراد زخمی بھی ہوئے، فوٹو : فائل

چینائی: بھارتی ریاست تامل ناڈو میں پٹاخے بنانے والی فیکٹری میں زوردار دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوگئے۔ 

بھارتی میڈیا کے مطابق تامل ناڈو کے ضلع ویرودھن نگر میں آتش بازی کی فیکٹری میں پٹاخے بناتے کے لیے کیمیکل ملایا جا رہا تھا کہ اس وقت زور دار دھماکا ہو گیا۔ دھماکا اتنا زوردار تھا کہ فیکٹری کی چھت تباہ ہوگئی اور فیکٹری میں خوفناک آگ بھڑک اُٹھی۔

آتش بازی کی فیکٹری میں دھماکے میں 11 مزدور ہلاک ہوگئے جب 12 شدید زخمی ہوگئے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں 4 زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

فیکٹری میں بھڑکنے والی آگ پر فائر بریگیڈ کی 10 گاڑیوں نے تین سے چار گھنٹوں میں قابو پالیا۔ سوگوار خاندانوں کے لواحقین کو فی کس 2 لاکھ اور زخمیوں کو 50 ہزار امدادی رقم دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔