لیڈی پولیس اہلکار کو تھانے میں ہراساں کرنے پر سب انسپکٹر جبری ریٹائر

نمائندہ ایکسپریس  بدھ 17 فروری 2021
لیڈی پولیس اہلکار سابق ایس ایچ او تھانہ ٹیکسلا سب انسپکٹر گل تاج کے نامناسب رویے سے تنگ تھی

لیڈی پولیس اہلکار سابق ایس ایچ او تھانہ ٹیکسلا سب انسپکٹر گل تاج کے نامناسب رویے سے تنگ تھی

 راولپنڈی: سابق ایس ایچ او تھانہ ٹیکسلا گل تاج پر لیڈی پولیس اہلکار کو تھانے میں ہراساں کرنے کا الزام ثابت ہوگیا۔

سی پی او احسن یونس نے محکمانہ انکوائری کے نتائج کی روشنی میں سب انسپکٹر گل تاج کو نوکری سے جبری ریٹائر کردیا۔ سابق ایس ایچ او ٹیکسلا گل تاج پولیس یونیفارم میں نما ز جمعہ کے اجتماع سے خطبہ دینے کی فوٹیج سے بے حد مقبول ہوئے تھے۔

پولیس ترجمان کا کہنا تھاکہ سابق ایس ایچ او تھانہ ٹیکسلا سب انسپکٹر گل تاج کے نامناسب رویے سے تنگ لیڈی پولیس اہلکار چار ہفتے قبل سی پی او احسن یونس کی کھلی کچہری میں پیش ہوئی تھی جس کی شکایت سننے پر سی پی او نے ابتدائی تحقیقات کے بعد ایس ایچ او ٹیکسلا کو معطل کرکے پولیس لائنز رپورٹ کرنے کا حکم دیا تھا۔

متاثرہ لیڈی پولیس اہلکار کے الزامات کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے سی پی او نے خاتون ایس پی سیکورٹی ذونیرہ اور ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز پر مشتمل دو رکنی تحقیقات کمیٹی قائم کرکے محکمانہ تحقیقات کا حکم دیا تھا۔

گزشتہ روز تحقیقاتی ٹیم نے تحقیقات مکمل کرتے ہوئے مفصل رپورٹ سی پی او احسن یونس کو پیش کی جس میں سب انسپکٹر گل تاج پر لگے الزامات سچ ثابت ہوئے۔

ترجمان کا کہنا تھاکہ سی پی او نے انکوائری رپورٹ کی روشنی میں پہلے سے معطل سب انسپکٹر گل تاج کو نوکری سے جبری ریٹائر کرنے کے احکامات جاری کیے۔

ترجمان کا مزید کہنا تھاکہ محکمہ پولیس میں احتساب کا عمل مسلسل جاری ہے، سی پی او نے شہری کی درخواست پر تھانہ روات میں تعینات اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد ظفر کو بھی نوکری سے برخاست کردیا، شہری نے سی پی او کو شکایت کرتے ہوئے اے ایس آئی محمد ظفر پر کرپشن کے الزامات لگائے تھے ، انکوائری میں الزامات ثابت ہونے پر اے ایس آئی کو نوکری سے ہاتھ دھونے پڑے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔