بیوٹی کوئین کار حادثے میں ہلاک، تاج کے ساتھ آخری رسومات

ویب ڈیسک  بدھ 17 فروری 2021
حادثے میں موت کے بعد بیوٹی کوئن کے اہل خانہ اس کا تاج اور پٹکا اسپتال لے کر پہنچے(فوٹو، فائل)

حادثے میں موت کے بعد بیوٹی کوئن کے اہل خانہ اس کا تاج اور پٹکا اسپتال لے کر پہنچے(فوٹو، فائل)

بنکاک: تھائی لینڈ کی خوبصورت ترین خواتین میں شمار ہونے والی نانگ نیم مون چھوائیبون کار کے حادثے میں جان کی بازی ہار گئیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 2019 میں مس تھائی لینڈ مقابلے میں دوسرے نمبر پرآنے والی نونگ نیم مون چھوائیبون نامی بیوٹی کوئن کھون کائین نامی علاقے میں ایک کار حادثے میں شدید زخمی ہوگئیں۔

چھوائیبون مقامی یونیورسٹی میں سائنس کی طالب علم تھیں اور حادثہ بھی یونیورسٹی کے نزدیک ہی پیش آیا جب ان کی گاڑی بے قابو ہوکر ایک درخت سے جاٹکرائی۔

پیر کو حادثہ پیش آنے کے بعد چھوائیبون کو شدید زخمی حالت میں مقامی اسپتال میں داخل کردیا گیا تھا جہاں انہیں انتہائی نگہداشت میں رکھا گیا تھا تاہم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے گزشتہ روز تھائی لینڈ کی بیوٹی کوئین کی موت ہوگئی۔ چھوائیبون کے والد اور مقامی پولیس چیف نے ان کی موت کی تصدیق کی۔

بیوٹی کوئین کی موت کے بعد ان کے دوست اور اہل خانہ مقابلۂ حسن میں ملنے والا ان کا تاج اور پٹکا بھی ساتھ لے کر اسپتال پہنچ گئے اور ان یادگار اشیا کے ساتھ آخری رسومات کے لیے ان کی لاش آبائی گاؤں روانہ کردی گئی۔

مس تھائی لینڈ تنظیم کی جانب سے حادثے میں چھوائیبون کی موت پر  جاری کردی بیان میں افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔