(ن) لیگ کے سینیٹر مشاہد اﷲ خان طویل علالت کے باعث انتقال کرگئے

ویب ڈیسک  جمعرات 18 فروری 2021
(ن) لیگ نے مشاہداﷲ خان کو سینٹ الیکشن کے لئے نامزد کیا ہوا تھا . فوٹو : فائل

(ن) لیگ نے مشاہداﷲ خان کو سینٹ الیکشن کے لئے نامزد کیا ہوا تھا . فوٹو : فائل

 اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے سینیٹر مشاہد اﷲ خان طویل علالت کے باعث اسلام آباد میں انتقال کرگئے۔ ان کی عمر تقریباً 68 سال تھی۔

(ن) لیگ کے رہنما محمد زبیر اور ترجمان مریم اورنگزیب نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہاہے کہ مشاہداﷲ پارٹی کے سینئر اور وفادار رہنما تھے، مریم اورنگزیب نے کہاکہ وہ کافی عرصے سے علیل تھے، ان کی وفات ایک بہت بڑا نقصان ہے۔

(ن) لیگ کی نائب صدرمریم نواز نے مشاہداﷲ کی وفات پر گہرے دکھ اور رنج کااظہارکرتے ہوئے کہا کہ ’’انتہائی افسوسناک خبر سینٹر مشاہداللہ خان اس دنیا میں نہیں رہے‘‘۔

https://twitter.com/MaryamNSharif/status/1362142643246030850?s=20

لیگی رہنما محمد زبیر نے ایکسپریس نیوز سے گفتگو میں کہا کہ مشاہد اللہ خان کا ملکی سیاست میں بہت مثبت کردار رہا، انہوں نے ملک اورپارٹی کی بہت خدمت کی، مشاہداللہ اچھے انسان اور پارلیمنٹیرین، آمریت کے خلاف ڈٹے رہے۔

انہوں نے کہا کہ مشاہداللہ خان نڈر رہنما تھے، کبھی کسی معاملے میں خوفزدہ نہیں ہوئے اور دلیرانہ بیانیہ لے کر چلے۔

واضح رہے (ن) لیگ نے مشاہداﷲ خان کو سینٹ الیکشن کے لئے نامزد کیا ہوا تھا، نمازجنازہ آج بعد نماز ظہر ایچ 11 اسلام آباد کے قبرستان میں ادا کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔